صنعاء،21؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں دو ہفتے قبل ہونے والے دوہرے فضائی حملے کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد نے سویلین پر یہ حملے کر کے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ آٹھ اکتوبر کو یمنی دارالحکومت صنعاء میں یہ حملے اس وقت کیے گئے جب ایک حوثی رہنما کے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ ایک ہال میں جمع تھے۔ اقوام متحدہ کے ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر کی طرف سے ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ ان حملوں میں 140سے زائد افراد ہلاک جبکہ 525سے زائد زخمی ہوئے۔