ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریلوے نے ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کے استعفے کی منظوری دی

ریلوے نے ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کے استعفے کی منظوری دی

Mon, 09 Sep 2024 17:36:23    S.O. News Service

نئی دہلی، 9/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستانی ریلوے نے سابق پہلوان بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگاٹ کے استعفے کو منظور کر لیا ہے۔ حال ہی میں دونوں پہلوانوں نے ریلوے کی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اب سیاست میں قدم رکھتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔ ونیش پھوگاٹ کو ہریانہ کے جولانہ سے پارٹی کا انتخابی ٹکٹ دیا گیا ہے، جبکہ بجرنگ پونیا کو کسان کانگریس کا ورکنگ چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

ونیش پھوگاٹ کے سیاست میں آنے کو ہریانہ میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے کھاپ پنچایتوں اور کسانوں کے ساتھ مضبوط رشتے ہیں جس سے انہیں انتخاب میں بڑی حمایت ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔ ونیش پھوگاٹ نے ہریانہ میں سیاسی گہما گہمی کے درمیان اپنی انتخابی تشہیر بھی شروع کر دی ہے اور لوگوں کی حمایت اور پیار کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پیرس اولمپک میں شاندار مظاہرہ کے باوجود تمغہ سے محروم رہنے والی ونیش پھوگاٹ اب عوام کے ایک مضبوط رہنما کے طور پر ابھرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ہریانہ کے لوگوں کو بھی اپنی اس بیٹی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔

غور طلب رہے کہ ہریانہ میں اسمبلی انتخابات 5 اکتوبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو کی جائے گی۔ حالانکہ پہلے انتخاب کی تاریخ یکم اور 4 اکتوبر تھی لیکن انتخابی کمیشن نے اس میں تبدیلی کر دی ہے۔ کمیشن نے اس کے پیچھے کی وجہ بتاتے ہوئے صفائی دی تھی کہ بشنوئی طبقہ کے ووٹنگ کے حق اور ان کی روایت دونوں کی عزت کرنے کے سبب یہ فیصلہ لیا گیا۔ واضح ہو کہ بشنوئی سماج نے اسوج اماوسیہ تہوار میں حصہ لینے کی صدیوں پرانی روایت کو ابھی تک برقرار رکھا ہوا ہے۔ اس دن بشنوئی لوگ اپنے گرو جمبشیر کی یاد میں تہوار مناتے ہیں۔ راجستھان کی نوکھا تحصیل میں قریب 490 سال سے یہ میلہ لگاتار منعقد ہوتا رہا ہے۔


Share: