بنگلورو،4؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے آج اپنے اسمبلی حلقہ شیواجی نگر کے مختلف ترقیاتی پروگراموں کی پیش رفت اورآنے والے دنوں میں حلقہ کو ترقی دینے کیلئے منصوبوں پر افسران سے تفصیلی بات چیت کی۔ اس سلسلے میں آج جناب روشن بیگ کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں ان کے وارڈکے سبھی کارپوریٹرس ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شیواجی نگر حلقہ میں آنے والے دنوں میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کے بارے میں افسران نے جناب روشن بیگ کو جانکاری دی اور نئے نئے پراجکٹوں کے بارے میں تجاویز بھی پیش کیں۔ شیواجی نگر کے براڈوے روڈ پر بی بی ایم پی کی طرف سے زیر تعمیر امراض قلب کے اسپتال کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کام کو تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ جلد از جلد اگر یہ اسپتال مکمل کرکے عوام کو فراہم کردیا جائے تو اس سے کافی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ میٹنگ کے دوران یہ تجویز بھی آئی کہ شیواجی نگر کے قلب میں واقع رسل مارکیٹ کی تجدید ومرمت 50 کروڑ روپیوں کی لاگت سے کی جائے۔ اس سلسلے میں غور وخوض کے بعد منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ میٹنگ میں بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد ،بی بی ایم پی ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی چیرمین ایم کے گنا شیکھر، کارپوریٹرس شکیل احمد، وسنت کمار ،نیتراوتی کرشنے گوڈا،اشتیاق احمداور دیگر موجود تھے۔