بنگلورو،4؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر کے شیواجی نگر علاقہ میں پچھلے دنوں ہوئے ردریش نامی آر ایس ایس کارکن کے قتل کے معاملہ کو اپنے سیاسی فائدہ کیلئے آلۂ کار بنانے کی کوشش میں آج بی جے پی رکن پارلیمان شوبھاکارند لاجے نے ایک اوچھی حرکت کرتے ہوئے اس قتل میں وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کو ملوث قرار دیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے بیان میں شوبھاکارند لاجے نے وزیر موصوف پر راست الزام لگایا۔ اس سے پہلے ردریش قتل معاملہ میں بی جے پی نے ایس ڈی پی آئی ،پاپولر فرنٹ آف انڈیا، کے ایف ڈی وغیرہ پر الزامات لگائے ، لیکن اس سے سیاسی فائدہ نہ ہونے کے آثار کو دیکھتے ہوئے آج شوبھا کارند لاجے نے وزیر شہری ترقیات کو اس معاملہ میں غیر ضروری طور پر گھسیٹنے کی مذموم کوشش کی ۔ شوبھا کارند لاجے کے اس الزام پر خود ان کی پارٹی کے لیڈران کی طرف سے کسی طرح کا ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ روشن بیگ پر الزام لگاکر گویا وہ اپنی ہی پارٹی میں تنہا نظر آرہی تھیں۔ اس دوران وزیر شہری ترقیات جناب روشن بیگ نے شوبھا کارند لاجے کے اس الزام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں چیلنج کیا کہ اس معاملہ کی سی بی آئی ، این آئی اے کسی بھی ایجنسی کے ذریعہ جانچ کرائی جائے وہ اس جانچ کا سامنا کرنے تیار ہیں۔جناب روشن بیگ نے واضح کیا کہ ردریش قتل معاملہ میں وہ بالکل ملوث نہیں ہیں۔ اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں ان کا طرز کار اور طریقہ کیا ہے اس سے شوبھا کارند لاجے ناواقف ہیں۔ وہ منگلور سے آکر چار دن کیلئے شیواجی نگر کے عوام میں فرقہ وارانہ زہر گھول کر فضا کو مکدر کرنا چاہتی ہیں، لیکن ایسی کوئی بھی کوشش شیواجی نگر میں نہیں چلے گی۔ شیواجی نگر کے آر ایس ایس اور بی جے پی کارکن بھی روشن بیگ کی شخصیت اور فطرت سے بخوبی واقف ہیں۔ مجھ پر کوئی بھی الزام لگانے سے پہلے شوبھاکارند لاجے اپنی پارٹی کے ان کارکنوں سے دریافت کرلیں۔ سستی شہرت کیلئے اس طرح کا الزام لگانا ایک رکن پارلیمان کو شوبھا نہیں دیتا۔ انہوں نے کہاکہ شوبھا کارند لاجے کے الزام پر ان کے خلاف ہتک عزت مقدمہ دائر کرنے کے سلسلے میں وہ اپنے وکیلوں سے رائے مشورہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک ردریش کا تعلق ہے ، ردریش کوئی اتنا بڑا لیڈر نہیں تھاکہ اسے میں اپنا حریف تصور کروں، وہ اسی علاقہ کا ایک بی جے پی آر ایس ایس کارکن تھا۔ اپنے علاقہ میں وہ لوگوں کیلئے سماجی کام کررہاتھا پارٹی بھلے کوئی بھی ہو وہ ایک اچھا لڑکا تھا۔ اس کی موت کا افسوس ہر ایک کو ہے، لیکن اس کی نعش پر بی جے پی اور خاص طور پر شوبھاکارند لاجے جس طرح کی گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہی ہیں، اس کا جواب آنے والے انتخابات میں شیواجی نگر کے عوام دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شیواجی نگر شروع سے ہی ہندو مسلم بھائی چارگی کیلئے معروف ہے، امن کے اس گہوارے کو جلانے کیلئے شوبھا کارند لاجے اور بی جے پی کے دیگر لوگ بارہا کوششیں کرچکے ہیں، لیکن وہ یہاں کا ہندو مسلم اتحاد توڑنے میں ناکام رہے ہیں۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ ان کے حلقہ میں آنے والے مندروں کے ذمہ داروں سے دریافت کیا جائے کہ روشن بیگ کیا ہے؟ ۔ اس کے بعد بی جے پی اور شوبھا کارند لاجے کو خود جواب مل جائے گا۔