ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / داعش کے 40شامی جنگجوؤں کی لاشیں موصل سے الرقہ منتقل

داعش کے 40شامی جنگجوؤں کی لاشیں موصل سے الرقہ منتقل

Tue, 01 Nov 2016 10:32:38    S.O. News Service

دمشق،31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں انسانی حقوق کے مانیٹرنگ گروپ کے مطابق عراق کے شہر موصل کے معرکوں میں ہلاک ہونے والے داعش تنظیم کے 40شامی ارکان کی لاشیں الرقہ شہر پہنچا دی گئی ہیں۔مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ داعش تنظیم عراق کے شہر موصل میں کئی روز سے جاری لڑائی میں اپنے جنگجوؤں اور شامی ارکان سے مسلسل ہاتھ دھو رہی ہے۔ ایک جانب تنظیم موصل میں نام نہاد کامیابی کا جشن منار رہی ہے اور الرقہ میں تنظیم کے خطیب منبروں پر لوگوں کے سامنے موصل میں کامیابی کو حلب میں دابق کے ہاتھ سے نکل جانے کا بدلہ قرار دے رہے ہیں۔دوسری جانب گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران تنظیم کے شامی شہریت رکھنے والے 40ارکان کی لاشیں الرقہ شہر پہنچی ہیں۔ ان میں زیادہ تر جنگجو بچے ہیں جو موصل کی لڑائی میں مارے گئے۔ اس طرح 17 اکتوبر کو موصل آپریشن کے آغاز کے بعد سے داعش کے ہلاک ہونے والے ارکان کی تعداد 480ہو گئی ہے جن میں 300سے زیادہ جنگجو بچے ہیں۔

شامی مانیٹرنگ گروپ کے مطابق اس سے قبل داعش تنظیم کے ارکان کی ایک بڑی تعداد پر مشتمل قافلہ شام کے صوبے الرقہ میں تنظیم کے زیر قبضہ علاقوں میں پہنچی تھی۔ قافلے میں 24فور وہیل ڈرائیو گاڑیاں بھی شامل تھیں جن کے ساتھ داعش تنظیم کی ایک اہم ترین شخصیت بھی تھی۔ خیال ہے کہ وہ تنظیم کا سربراہ ابو بکر البغدادی یا تنظیم کا وزیر جنگ ہے۔ یہ قافلہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب عراق سے الرقہ شہر پہنچا۔ قافلے میں سوار ارکان کے پاس راکٹ لانچروں اور بھاری ہتھیاروں کی بڑی تعداد تھی۔


Share: