بنگلورو۔28؍اکتوبر(ایس او نیوز)وزیر برائے صنعت آر وی دیش پانڈے نے آج بتایاکہ ملک میں پہلی مرتبہ خاتون صنعت کاروں کی بین الاقوامی کانفرنس ’’تھنک بگ 2016‘‘ کا اہتمام 14 اور 15 نومبر کو بنگلور میں منعقد کیا جارہاہے، جو ریاست کیلئے فخر کی بات ہے۔ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد بنگلور انٹرنیشنل ایگزیبیشن سنٹر میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اس کانفرنس میں خصوصی طور پر ایشیائی ممالک کی خاتون صنعت کاروں کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے بڑے صنعت کار حصہ لے رہے ہیں۔تقریباً دو ہزار خاتون صنعت کاروں کی شرکت متوقع ہے ، جبکہ اب تک 1300 خاتون صنعت کاروں نے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں۔ کانفرنس کا اہم مقصد خاتون صنعت کاروں کیلئے موجود مواقع فراہم کرنے کے علاوہ ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت سے فراہم ہونے والی مراعات سے متعلق بھی انہیں واقف کروایا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ کرناٹک میں ملک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیاتھا، جس کے سبب بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شہر میں مزید بین الاقوامی کانفرنسیں منعقد ہونے والی ہیں جن میں بین الاقوامی فضائی کانفرنس ، پرواسی بھارت، اور میک ان انڈیا شامل ہیں۔ مرکزی حکومت کے اشتراک سے آئندہ سال 7 تا9 جنوری بنگلور انٹرنیشنل ،ایگزی بیشن سنٹر میں پرواسی بھارت کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں پہلے دن مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج ، دوسرے دن وزیراعظم نریند ر مودی اور تیسرے دن صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی شریک ہوں گے، جس میں ڈھائی ہزار سے زائد غیر مقیم ہندوستانی باشندے حصہ لیں گے۔ اس موقع پر محکمۂ صنعت کی سکریٹری کے رتنا پربھا کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔