حیدرآباد 9 ستمبر (ایس او نیوز) فوٹو بازی اور شوبازی کرنا ایک نوجوان کو اتنا مہنگا پڑا کہ اُسے اپنی جان سے ہی ہاتھ دھونا پڑا۔خوفناک واردات حیدرآباد کے قریب کاماریڈی ضلع کے بانسواڑہ کے دیسائی پیٹ گاؤں میں پیش آئی، جس میں ایک نوجوان نے سانپ پکڑنے کے بعد اُس کا سر اپنے منہ میں ڈال کر پکڑتے ہوئے عوام کے سامنے کرتب بازی کررہا تھا، جس کے دوران کوبرا کا زہر منہ میں سرایت کرگیا۔
میڈیا میں آئی رپورٹ کے مطابق تقریباً 6 فٹ لمبے زہریلے کوبرا کو پکڑ کر نوجوان نے اُس کا سر اپنے منہ میں رکھتے ہوئے ویڈیو لے رہا تھا۔ یہ واقعہ گاؤں کے ڈبل بیڈروم کمپلیکس میں پیش آیا، جب مقامی لوگوں نے وہاں کوبرا (سانپ) دیکھا اور شیو کو بلایا۔ شیو نے سانپ کو قابو میں کر کے گاؤں والوں کے سامنے اپنے کرتب دکھانے شروع کر دیے۔ اس کے بعد اس نے مزید حیرت انگیز تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے چکر میں کوبرا کا سر اپنے منہ میں ڈال دیا۔ لیکن اس دوران سانپ نے اسے ڈس لیا یا منہ میں رکھنے کی وجہ سے اُس کا زہر اس کے جسم کے اندر سرایت کرگیا، جس کا شیو کو احساس ہی نہیں ہوا کہ وہ زہریلے سانپ کے زہر کا شکار ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جب شیو اپنے گھر میں بے ہوش پایا گیا تو اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن بدقسمتی سے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ کوبرا کاسر اپنے منہ کے اندر رکھنے کی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جس سے لوگوں میں خوف اور غم کی لہر دوڑگئی ہے۔