بنگلورو۔یکم نومبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتادل(ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ پارٹی سے معطل شدہ باغی اراکین اسمبلی کو بہت جلد وہ سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی سے جن اراکین اسمبلی کو برطرف کیا جاچکا ہے ان کے تمام حلقوں میں جنتادل (ایس) متبادل قیادت کو ابھارا جائے گا۔برطرف اراکین اسمبلی چلوورایا سوامی، ضمیر احمد خان ، گوپالیہ ، اکھنڈا سرینواس مورتی ، رمیش بنڈی سدے گوڈا ، اقبال انصاری ، ایچ سی بال کرشنا اور بیما نائیک کے حلقوں میں 2018 کے اسمبلی انتخابات تک متبادل قیادت تیار کرلی جائے گی۔ معروف فلم ساز ناگتی ہلی چندر شیکھر کو جنتادل (ایس) میں شامل کرنے کی کوشش کے بارے میں تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناگتی ہلی چندرشیکھر کو پارٹی میں شامل ہونے کیلئے انہوں نے خود گذارش کی ہے۔تاہم انہوں نے اس گذارش کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ دیوے گوڈا چاہتے ہیں کہ ناگتی ہلی چندرشیکھر اگلے اسمبلی انتخابات میں ناگمنگل سامبلی حلقہ سے جنتادل (ایس) امیدوار بنیں۔ اس حلقہ سے فی الوقت جنتادل (ایس ) باغی چلو ورایا سوامی نمائندہ ہیں۔