انقرہ،4؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) جمعہ، چار اکتوبر کی صبح ترکی کے جنوبی مشرقی شہر دیاربکر میں ایک پولیس عمارت کے باہر کار بم سے کیے گئے حملے میں آٹھ ہلاک اور ایک سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں کی تصدیق ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کی ہے۔ یہ حملہ کرد نواز پارٹی کے دو اہم مرکزی لیڈروں اور کئی اراکینِ پارلیمنٹ کی حراست کے چند گھنٹوں بعد ہوا۔ یہ گرفتاریاں کرد آبادی کے خلاف انقرہ حکومت کے کریک ڈان کو وسعت دینے کے بعد کی گئیں۔کرد نواز پارٹی کے سربراہ صلاح الدین ڈیمیرٹاس کو پولیس نے آج جمعے کی صبح گھر پر نظربند کر دیا ہے۔ ڈیمیرٹاس ترکی کی تیسری بڑی سیاسی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ ہیں۔ اِس کی ترک پارلیمنٹ میں 59 نشستیں ہیں اور کردوں کی مرکزی نمائندہ جماعت ہے۔