چنئی، 31اکتوبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ نے آج دعوی کیا کہ 19نومبر کو تجاور، اراوکرچی میں انتخابات اور تروپرنکندرم میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں انا ڈی ایم کے، ڈی ایم اور بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ایل گنیشن نے یہاں ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے کہا کہ تینوں حلقوں میں حکمران انا ڈی ایم کے، اہم اپوزیشن ڈی ایم اور بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ایم کے اور ڈی ایم ڈی کے نے بھی انتخابات میں اپنے امیدواروں کو اتارا ہے لیکن مقابلہ انہیں تینوں جماعتوں کے درمیان رہے گا۔الیکشن کمیشن نے اس ماہ کے شروع میں تجاور اور اراوکرچی اسمبلی سیٹوں پر 19نومبر کو انتخابات کا اعلان کیا تھا۔دولت تقسیم کئے جانے کی شکایات کو دیکھتے ہوئے مئی میں اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔مئی 2016میں ہوئے انتخابات میں تروپرن کندرم سیٹ سے جیت درج کرنے والے انا ڈی ایم کے کے ممبر اسمبلی سینویل کے انتقال کی وجہ سے اس سیٹ پر ضمنی انتخابات کی ضرورت پڑی۔گنیشن نے بتایا کہ وہ صدر پرنب مکھرجی کی قیادت میں نیپال جانے والے وفد کا حصہ ہوں گے۔صدر دو اور چار نومبر کے درمیان نیپال کا دورہ کریں گے۔