حیدرآباد، 14؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تلنگانہ کے محبوب آباد ضلع میں 2000روپے کے نئے نوٹ کی فوٹو کاپی تقسیم کرنے کے الزام میں دو نوجوانوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔محبوب آباد دیہی کے انسپکٹر کرشن ریڈی کے مطابق ضلع کے کروی منڈل میں رنگین فوٹو کاپی سینٹر چلانے والے ایک نوجوان نے 2000روپے کے نئے نوٹ کی چار کاپیاں نکالیں۔اس نے ایک فوٹو کاپی پردیپ نامی شخص کو دیتے ہوئے بازار سے کچھ خریداری کرنے کو کہا۔انسپکٹر نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات کے تحت فوٹو کاپی سینٹر چلانے والے نوجوان نے پردیپ سے مبینہ طور پر کہا کہ 2000روپے کے نئے نوٹوں کی کاپی کو بدل کر وہ آسانی سے پیسے کما سکتے ہیں۔پردیپ نے کل اپنے ایک رشتہ دار کی موٹر سائیکل میں 500روپے کا پٹرول بھرایا اور 2000روپے کے نوٹ کی رنگین کاپی دی۔ملازم کو شک ہوا تو پولیس کو اطلاع دی گئی۔ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ پٹرول بھرنے والے ملازم کی شکایت پر پردیپ اور فوٹو کاپی سینٹر چلانے والے مالک کے خلاف دفعہ 420(جعل سازی)اور 489سی (جعلی نوٹ رکھنا ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔