بنگلورو۔یکم نومبر(ایس او نیوز)سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے ٹیپو سلطان جینتی کا اہتمام نہ کیا جائے۔ اگر ہیپو سلطان جینتی منائی گئی تو بی جے پی اس کے خلاف ریاست گیر پیمانے پر تحریک چلائے گی۔آج اپنے پارٹی دفتر میں راجیواتسوا تقریبات میں حصہ لیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ متنازعہ شخصیت ٹیپو سلطان کے جنم دن کا اہتمام کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی ضد درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اگر اپنے اس فیصلے سے دستبردار نہیں ہوئی تو بی جے پی اپنی احتجاجی تحریک کو ریاست بھر میں پھیلائے گی۔آنے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو اقتدار پر لانے کیلئے تمام کارکنوں کو متحد ہونے کی آواز دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ کنڑا زبان ، زمین ، پانی کے معاملے میں ریاست کے ہر شہری کو متحد ہوکر کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اننت کمار نے وزیراعلیٰ سدرامیا پر الزام لگایا کہ وہ ریاست کے مفادات پر گندی سیاست کررہے ہیں۔ کاویری اور مہادائی معاملے میں انہوں نے جو موقف اپنا یا ہے وہ درست نہیں۔ ریاست میں نظم وضبط کو بے قابو قرار دیتے ہوئے اننت کمار نے کہاکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصرکا تعلق دراصل بین الاقوامی دہشت گردوں سے ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا اس حقیقت کو نظر انداز کررہے ہیں۔اس موقع پر رکن پارلیمان پی سی موہن وغیرہ موجود تھے۔