بنگلورو۔ 26اکتوبر (ایس او نیوز ) برہت بنگلورو مہانگر پالیکے کی 11 اسٹانڈنگ کمیٹیوں کیلئے چیرمینوں کا انتخاب آج اتفاق رائے سے ہوگیا۔ جبکہ بارہویں اسٹانڈنگ کمیٹی کے چیرمین کے انتخاب کو ملتوی کیا جاچکا ہے۔ آج بی بی یم پی کے کونسل ہال میں منعقدہ کونسل میٹنگ کے دوران مئیر جی پدماوتی نے چیرمینوں کے انتخاب کا اعلان کیا۔ کانگریس سے چار، جنتادل (یس) سے چار اور تین آزاد کارپوریٹرس کا بطور چیرمین انتخاب عمل میں آیا۔ جبکہ انتظامیہ اصلاحات کمیٹی کے انتخاب کیلئے کسی نے نامزدگی داخل نہیں کی جس کے سبب اس کے انتخاب کو ملتوی کردیاگیا۔ ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی چیرمین کے طور پر شہر کے شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں آنے والے جئے محل وارڈ کے کارپوریٹر یم کے گنا شیکھر منتخب ہوئے۔ میجر ورکس کمیٹی چیرمین کے طور پر ہومبے گوڈا نگر وارڈ کے ڈی چندرپا کا انتخاب ہوا۔ باغبانی کمیٹی کیلئے بینی گان ہلی کی کارپوریٹر میناکشی منتخب ہوئیں۔ اپیل کمیٹی چیرپرسن کے طور پر جگ جیون رام نگر کی کارپوریٹر محترمہ سیما الطاف خان کا انتخاب عمل میں آیا۔ ٹاؤن پلاننگ کمیٹی کیلئے لگیرے کی منجولا یس سوامی منتخب ہوئیں۔ وارڈ ورکس کمیٹی کے چیرمین ناگچور وارڈ کے بھدرے گوڈا چیرمین بنے۔ اکاونٹس کمیٹی کی چیرپرسن کاول بیرسندرا وارڈ کی نتیرا نارائن منتخب ہوئیں۔ ایجوکیشن کمیٹی کی چیرپرسن کے طور پر کے آر مارکیٹ کی کارپوریٹر محترمہ ناظمہ بیگم منتخب ہوئیں۔ ہیلتھ کمیٹی کیلئے ہوشلا نگر کے کارپوریٹر یس آنند کمار چیرمین بنے۔ سماجی انصاف کمیٹی چیرمین کے عہدہ پر سگایا پورم وارڈ کے پی اگرہارا کی یم گایتری منتخب ہوئیں۔ اتفاق رائے سے منتخب ہونے پر تمام 11 چیرمینوں نے مئیر پدماوتی، ڈپٹی مئیر آنند، حکمران پارٹی کے لیڈر یس آر ستیہ نارائن اپوزیشن لیڈر پدمنا بھاریڈی اور تمام کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا۔