ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 108 رنز سے شکست دے دی، سیریز برابر

بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 108 رنز سے شکست دے دی، سیریز برابر

Mon, 31 Oct 2016 12:27:27    S.O. News Service

ڈھاکہ30؍ اکتوبر(ایجنسی)ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے دوسرے  ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 108 رنز سے شکست دے دی ہے۔اس فتح کے نتیجے میں میزبان ٹیم نے یہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔اتوار کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا لیکن انگلش ٹیم صرف 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔انگلینڈ کے اوپنرز الیسٹر کک اور ڈکِٹ نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے ٹیم کو 100 رنز کا آغاز دیا تاہم اس کے بعد بقیہ نو کھلاڑی اسکور میں صرف 64 رنز کا اضافہ ہی کر سکے۔کک 59 اور ڈکٹ 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بقیہ بلے بازوں میں سے بیناسٹوکس کے علاوہ کسی کا اسکور دوہرے ہندسوں میں نہیں پہنچ سکا۔بنگلہ دیش کی فتح میں اہم کردار نوجوان اسپنر مہدی حسن نے ادا کیا جنھوں نے 77 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں۔ انھوں نے اس میچ میں کل 12 وکٹیں حاصل کیں۔ان کے علاوہ شکیب الحسن نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی جن میں سے تین وکٹیں انھوں نے ایک ہی اوور میں لیں۔اس سے قبل بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کھانے کے وقفے کے فوراً بعد 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے امرالقیس نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ محمود اللہ نے 47 اور شکیب الحسن نے 41 رنز بنائے۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے تمیم اقبال نے انگلینڈ کے خلاف اپنی بہتر کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 40 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں عادل رشید نے چار جبکہ بین اسٹوکس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ کے پہلے دن بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم صرف 220 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں جو روٹ کی نصف سنچری 56 رنزاور ووکس کے 46 اور عادل راشد کے 44 رنز کی بدولت 244 رنز بنائے اور 24 رنز کی معمولی سبقت حاصل کی تھی۔


Share: