بنگلورو۔27؍اکتوبر(ایس اونیوز)کرناٹک کے دارالحکومت میں مجوزہ اسٹیل برج کی تعمیر کے خلاف برہمی کو جاری رکھتے ہوئے بی جے پی مہیلا مورچہ کے ارکان نے مظاہرہ کیا اور حکومت کرناٹک سے اس تجویز سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ورکرس کی قیادت کرتے ہوئے لوک سبھا کی رکن اور سینئر بی جے پی لیڈر شوبھا کا رند لاجے نے الزام لگایا کہ اسٹیل برج 2018میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کیلئے رقم بنانے کے مقصد کے تحت روبہ عمل لایا جارہاہے ۔ سابق وزیر نے الزام لگایاکہ ریاستی حکومت پروجیکٹ کو آگے بڑھانے کیلئے اٹل موقف اپنائے ہوئے ہے ۔ باوجود اس کے کہ اس پروجیکٹ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے اور یہ احتجاج خاص طور پر زائد از 800درختوں کو کاٹنے کے خلاف ہے ۔فلم اداکار سے سیاست دان بننے اور رکن کونسل بننے والی مس تارا نے الزام لگایا کہ ٹریفک میں رکاوٹ کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اور بھی طریقہ کار ہیں اور ریاستی حکومت ان پر غور نہیں کررہی ہے مگر پروجیکٹ کو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی ٹیکس کی رقم کو ضائع کرنے پر مصر ہے ۔ بی جے پی کی ریاستی صدر بی ایس یڈیورپا نے گدگ میں میڈیا سے کہا کہ وہ بنگلور میں پارٹی کے ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کی میٹنگ بہت جلد طلب کریں گے ،تاکہ پروجیکٹ سے دستبردار ہونے کے لئے ریاستی حکومت پر دباو بنانے کے لئے آئندہ کے لائحہ عمل کو ترتیب دیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اسٹیل برج کے تعمیر کے خلاف ہے اور پروجیکٹ سے دستبردار ہونے تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔