ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور میں متھوٹ فائنانس کمپنی کے منیجر کا اغوا کرکے ایک کروڑ کی لوٹ

بنگلور میں متھوٹ فائنانس کمپنی کے منیجر کا اغوا کرکے ایک کروڑ کی لوٹ

Sat, 22 Oct 2016 05:21:00    S.O. News Service

بنگلورو۔21/اکتوبر(ایس او نیوز) شہر کے گیان بھارتی پولیس تھانہ کی حدود میں متھوٹ منی گولڈ فائنانس کمپنی پر دھاوا بولنے والی ایک ٹولی نے اس کمپنی کے منیجر کا اغوا کرکے ایک کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور سات لاکھ روپی نقد سمیت راہ فرار اختیار کرلی۔ گنگیری رنگ روڈ پر آنے والے گیان بھارتی کے قریب مریپن پالیہ کے گیان گنگا نگر میں واقع متھوٹ منی گولڈ فائنانس کمپنی پر آج دھاوا بول کر ان حملہ آوروں نے چار کلو سونا اور نقد رقم لوٹ لی اور منیجر کو لے کر نکل پڑے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ پوری ٹولی پولیس کے بھیس میں کل شام انووا کار میں داخل ہوئی۔ ان لوگوں نے منیجر ناگیندرپا سے کہا کہ وہ قرضہ کے متعلق بات کرنا چاہتے ہیں۔ بات چیت کے دوران ان لوگوں نے منیجر کا اغوا کرلیا اور گنگیری کے قریب ایک کمرے میں اسے بند کردیا۔ منیجر سے زبردستی ان لوگوں نے دفتر میں رکھے گئے سونے اور نقد کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور اس سے لاکر کی چابیاں حاصل کرکے دوبارہ کمپنی کے دفتر آئے اور ان چابیوں سے لاکر س کھول کر سات لاکھ روپیوں کی نقد رقم اور ایک کروڑ روپیوں سے زیادہ کے 4.5 کلوسونے سمیت فرار ہوگئے۔فرار ہونے سے پہلے ان ملزمین نے دفتر کے سی سی ٹی وی مناظر کو بھی ختم کردیا اور سی سی ٹی وی کا ڈی وی آر اپنے ساتھ لے گئے۔ان لوگوں نے کمپنی کے ایک اور منیجر کو بھی ساتھ لیا اور کچھ دور لے جاکر اسے گاڑی سے اتار کر فرار ہوگئے۔ناگیندرپا نے اس سلسلے میں گیان بھارتی پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے۔ اطلاع ملتے ہی گیان بھارتی اور کمبل گوڈپولیس نے اس دفتر کا معائنہ کیا اور اگلی جانچ میں مصروف ہے۔


Share: