لکھنؤ 21اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی(ایس پی)میں گہراتے اختلافات کو اور ہوا دینے والے واقعات میں وزیراعلیٰ اکھلیش یادو آج اپنے چچا اور سماج وادی پارٹی کے صوبائی صدر شیو پال سنگھ یادو کی طرف بلائی گئی پارٹی کے ضلع عہدیداروں کے اجلاس میں شریک ہونے کے بجائے انہیں اپنی رہائش گاہ پر بلا کر ملاقات کی۔پارٹی ذرائع کے مطابق شیو پال نے اکھلیش سے ملاقات کرکے انہیں ایس پی کے ضلع عہدیداروں کی میٹنگ میں ذاتی طورپرمدعوکیاتھا لیکن وزیراعلیٰ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے اور عہدیداروں کو اپنے گھر میں بلا کر بات چیت کرنے سے ایک بار پھر اشارے ملے ہیں کہ پارٹی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔اجلاس میں شامل کچھ عہدیداروں نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ شیو پال نے بحث کے دوران کئی بار یہ بات سمجھانے کی کوشش کی کہ آئندہ انتخابات کے بعد اکھلیش کے دوبارہ وزیراعلیٰ بننے سے انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوگی اور اسمبلی انتخابات میں اکھلیش ہی ایس پی کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے دعویدار ہوں گے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ شیو پال نے تمام ضلع عہدیداروں کو انتخابات کی تیاریوں میں پوری طرح مصروف جانے اور آئندہ پانچ نومبر کو لکھنؤ میں منایے جانے والے سماج وادی پارٹی کی سلورجبلی تقریب کوکامیاب بنانے کے حکم دیئے۔یہ اجلاس ختم ہونے کے بعد وزیراعلیٰ نے تمام ضلعی کارکنان کواپنی سرکاری رہائش گاہ پر بلا کر ان سے بات کی۔اس مختصر گفتگو میں اکھلیش نے انہیں آئندہ تین نومبر کو شروع ہونے والی اپنی وکاس رتھ یاتراکے بارے میں بتایا۔انہوں نے ضلعی صدور سے اپنے اپنے علاقے میں عوام کے درمیان جاکر کام کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔