اڈپی 31؍اکتوبر (ایس او نیوز)ڈسٹرکٹ اسپتال کے زیر انتظام عورتوں اور بچوں کے لئے مخصوص حاجی عبداللہ سرکاری اسپتال کو مشہوراین آر آئی بزنس مین بی آر شیٹی کے ہاتھوں میں سونپتے ہوئے اسے حاجی عبداللہ کسوما شمبھوشیٹی سوپر اسپیشیالٹی اسپتال میں تبدیل کرنے کے خلاف احتجاجی بھوک ہڑتال کی گئی۔ جس میں سابق ایم ایل اے سبھا پتی، مشہور فزیشین ڈاکٹرپی وی بھنڈاری اور معروف سماجی شخصیت اکبر علی وغیرہ نے حصہ لیا ۔اس کے علاوہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) اور جنتا دل (ایس) کے کارکنان نے بھی احتجاجی دھرنا دیا۔ دن بھر کی اس بھوک ہڑتال اور احتجاج کا مقصد حکومت کرناٹکا کو یہ جتانا تھا کہ سرکاری اسپتال کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دے کر اسے کمرشیل روپ دینا عوام کو ہرگز پسند نہیں ہے بلکہ یہ ایک طرح سے عوام کو سستے علاج و معالجہ کی سہولت سے محروم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ مذکورہ اسپتال کے لئے زمین اپنی فیاضی کے لئے مشہور اورکارپوریشن بینک کے بانی جناب حاجی عبداللہ صاحب بہادرمرحوم نے عطیہ دی تھی۔ اور انہی کے نام سے یہ اسپتال اب تک موسوم ہے۔ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ اسپتا ل غریبوں کی دسترس سے باہر ہوجائے گا اور صرف کمرشیل مقاصد پورے کرے گا۔ اگر حکومت 200 بستروں والے میٹرنٹی انتظام اپنے پاس رکھتے ہوئے اسے غریبوں کے لئے کھلا رکھتی ہے اور صرف اضافی 400 بستروں والے حصے کوسوپر اسپیشالٹی اسپتال کے طور پر بی آر شیٹی کے حوالے کرتی ہے تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن سرکاری سطح پر اس منصوبے میں شفافیت نظر نہیں آرہی ہے۔
نئے اسپتال کا سنگ بنیاد: لیکن ہر طرف سے مخالفت اور احتجاج کے باوجود اس متنازعہ کسوما شمبھو شیٹی حاجی عبداللہ اسپتال کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد وزیر اعلیٰ سدارامیا کے ہاتھوں رکھ دیا گیا۔ کہاجاتا ہے کہ پبلک پرائیویٹ اشتراک کے اصول کے تحت حکومت اور بی آر ایس ہیلتھ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے۔اور اس معاہدے کے تحت ڈسٹرکٹ اسپتال کی 3.88 ایکڑ زمین بی آر شیٹی کی کمپنی کو دی جائے گی جہاں 200 بستروں والا خواتین اور بچوں کا میٹرنٹی اسپتال اورمزید 400 بستروں والا نیاسوپر اسپیشیالٹی اسپتال اورایک کمیونٹی سروس سنٹرتعمیر ہوگا۔
سدارامیا کی وضاحت : اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے واضح کیا کہ بچوں اور خواتین کے ڈسٹرکٹ اسپتال کو پرائیویٹ نہیں کیا جارہا ہے۔مسٹر بی آر شیٹی صرف یہاں اسپتال تعمیر کریں گے اور اس کاانتظام ڈپٹی کمشنر کے تحت تشکیل شدہ کمیٹی کے ہاتھوں میں ہوگا اس سے غریبوں کو فائدہ ہوگا کیونکہ میٹرنٹی اسپتال میں مفت علاج کیا جائے گا۔اور جو مریض میٹرنٹی اسپتال سے سوپر اسپیشیالٹی سیکشن میں بھیجے جائیں گے ، وہاں بھی ان کا علاج مفت ہوا کرے گا۔ سنگ بنیاد تقریب کے دوران احتجاج کرنے والے بی جے پی کارکنان کے علاوہ ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ،ایم ایل اے سنیل کمار،ایم ایل سی کوٹہ سرینواس پجاری وغیرہ کو پولیس نے حفاظتی حراست میں لیا۔