بنگلورو،20؍اکتوبر(ایس او نیوز) کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے بی کولیواڈ نے آج سابق وزیر وی سرینواس پرساد کے بہ حیثیت رکن اسمبلی استعفیٰ کو منظور کرلیا۔پرساد نے 17اکتوبر کو اسپیکر کے چیمبر میں استعفیٰ پیش کردیا تھااور وزیراعلیٰ سدارامیا کی جانب سے غیر روایتی انداز میں کابینہ سے علاحدہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔مسٹر رامیا نے حال ہی میں 14کابینی وزراء کو کابینہ سے علاحدہ کرتے ہوئے 13نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیا تھا۔ اسپیکر جنہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کا اختیار تمیزی ہے کہ آیا وہ استعفیٰ کو قبول کریں یا پھر مسترد کریں اور اس سلسلہ میں ان کے پاس وقت کی کوئی حد نہیں ہے ۔اسپیکر اسمبلی نے وی سرینواس پرساد کے استعفیٰ کو قبول کرنے سے قبل ایڈوکیٹ جنرل مدھو سدن آر نائک سے مشورہ کیا۔ سرینواس پرساد 2014کے اسمبلی انتخابات میں حلقہ ننجن گڑھ سے منتخب ہوئے تھے ۔اسی دوران بی جے پی اور جنتادل ایس دونوں جماعتیں سابق مرکزی وزیر پر اپنی اپنی پارٹی میں شامل ہونے کیلئے دباؤ بنائی ہوئی ہیں۔جنتادل ایس کے ریاستی صدر اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی نے حال ہی میں پرساد سے ناشتہ پر ملاقات کی اور پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی، جبکہ بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن لوک سبھا بی ایس یڈیورپا اور سابق نائب وزیراعلیٰ آراشوک نے اعتماد کاا ظہار کیا کہ پرساد ان کی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔