ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کیا امریکہ میں پولیس اصلاحات پر اتفاقِ رائے ہو سکے گا؟

کیا امریکہ میں پولیس اصلاحات پر اتفاقِ رائے ہو سکے گا؟

Thu, 25 Jun 2020 18:07:27    S.O. News Service

واشنگٹن،25/جون (آئی این ایس انڈیا) سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی پولیس تحویل میں ہلاکت کے بعد محکمہ پولیس میں اصلاحات اور پولیس کے عوام کے ساتھ رویے کو بہتر کرنے کے لیے پولیس اصلاحات کے مطالبات بھی کیے جا رہے ہیں۔امریکہ میں حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی اور حزبِ اختلاف کی جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی نے پولیس اصلاحات کے لیے اپنی اپنی تجاویز کانگریس میں پیش کر دی ہیں۔البتہ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکہ کے معروضی سیاسی حالات اور صدارتی الیکشن کا سال ہونے کے باعث پولیس اصلاحات کا معاملہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔گزشتہ ماہ ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس کے ایک سْپر اسٹور کے باہر 20 ڈالر کا مبینہ جعلی نوٹ استعمال کرنے کی پاداش میں پولیس اہلکاروں نے جارج فلائیڈ کو حراست میں لیا تھا۔ ایک پولیس اہل کار کی جانب سے فلائیڈ کی گردن پر گھٹنا رکھنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔ جارج فلائیڈ اس دوران بے ہوش گئے تھے جس پر اْنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے بعدازاں ان کی ہلاکت کی خبر آئی۔سیاہ فام جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد امریکہ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے جب کہ امریکہ میں اس کے بعد سے محکمہ پولیس میں اصلاحات کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔اس معاملے پر امریکہ میں جاری بحث کے دوران اصلاحات کی نوعیت اور دائرہ کار کے حوالے سے بھی مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ ماہرین اور افریقی امریکن رہنماؤں کے مطابق نسلی امتیاز کے خاتمے کے لیے پولیس اصلاحات اب ناگزیر ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف کچھ سیاسی رہنما کہتے ہیں کہ پولیس کی تربیت اور پْر تشدد رویہ اپنانے والے افسروں کے احتساب سے محکمہ پولیس کی اصلاح کی جا سکتی ہے۔ سیاسی اختلافات سے قطع نظر زیادہ تر ماہرین اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ پولیس کے موجودہ نظام میں اصلاحات لانا ضروری ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام میں اعتماد کی فضا قائم کی جا سکے۔’بلیک لائیوز میٹر‘تحریک اور شہری حقوق کی تنظیموں کے زیرِ سایہ ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں پولیس بجٹ کو یکسر ختم کرنے سمیت دیگر انتظامی اقدامات کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔

`


Share: