پیرس،9جنوری(آئی این ایس انڈیا)فرانسیسی دارالحکومت میں گزشتہ برس اکتوبر میں ٹی وی اسٹار کِم کارڈیشیئن کو اسلحے کی نوک پر لوٹ لیا گیا تھا۔ اس واردات کی تفتیش کے سلسلے میں آج پیر کے روز سولہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد کو آج صبح مارے گئے مختلف چھاپوں میں حراست میں لیا گیا۔ واردات میں ملوث ملزمان میں سے ایک کا ڈے این اے ایک ایسے ملزم سے ملتا ہے، جو متعدد وارداتوں کی وجہ سے پہلے ہی سے پولیس کی نظروں میں تھا۔ اکتوبر میں مسلح حملہ آوروں نے کِم کارڈیشیئن کو ان کے رہائش گاہ کے غسل خانے میں باندھ کر قریب نو ملین یورو مالیت کے زیورات لوٹ لیے تھے۔ کِم کارڈیشیئن نے کہا تھا کہ انہیں خوف ہے کہ لٹیرے انہیں قتل کر سکتے ہیں۔