تہران،۹/جون (آئی این ایس انڈیا) ایران نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی نقل و حرکت کی اطلاع مبینہ طور پر امریکہ اور اسرائیل کو دینے والے ایک ایرانی شہری کو جلد پھانسی دے دی جائے گی۔ایران کی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے منگل کو تہران میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ امریکی خفیہ ادارے ’سی آئی اے‘ اور اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی ’موساد‘ کے جاسوس محمود موسوی کو ایک ایرانی عدالت نے موت کی سزا سنائی ہے جسے ان کے بقول جلد نشانِ عبرت بنادیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ محمود موسوی نے جنرل قاسم سلیمانی کی نقل و حرکت کی اطلاع دشمنوں کو دی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ محمود موسوی کو ایران کی ایک انقلابی عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی، جسے ایرانی سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق محمود موسوی ایران کے ہی شہری ہیں اور وہ ایرانی سکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہیں۔ یاد رہے کہ امریکہ نے ایران کی مسلح افواج کی بیرونی کارروائیوں کے نگران دستے ’قدس فورس‘ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو رواں برس تین جنوری کو عراق میں ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں جنرل سلیمانی اپنے کئی ساتھیوں سمیت مارے گئے تھے۔ امریکہ نے الزام عائد کیا تھا کہ قاسم سلیمانی ایران نواز ملیشیاؤں کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات اور فورسز پر حملوں کے ماسٹر مائنڈ تھے۔خامنہ نے کہا کہ امریکہ نے بزدلانہ انداز میں جنرل قاسم سلیمانی کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنایا، جس پر اسے پشیمانی ہو گی۔ایرانی حکام نے تاحال اس کی وضاحت نہیں کی کہ آیا جنوری میں قاسم سلیمانی پر کیے جانے والے امریکی حملے میں بھی محمود موسوی کا کوئی ہاتھ تھا،یا وہ اس سے قبل جنرل سلیمانی کی جاسوسی کر رہے تھے۔