ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُترکنڑا میں ایک سال کے دوران 815 سڑک حادثے - 192 افراد نے گنوائی جان

اُترکنڑا میں ایک سال کے دوران 815 سڑک حادثے - 192 افراد نے گنوائی جان

Thu, 08 Jan 2026 19:31:47    S O News

کاروار، 8/ جنوری (ایس او نیوز) اُترکنڑا ضلع سے گزرنے والا نیشنل ہائی وے اور اس سے جڑے ہوئے دیگر ہائی ویز اور اہم راستے اب ایک طرف تیز رفتار ٹریفک کے لئے آسانیاں فراہم کر رہے ہیں تو دوسری طرف روز بروز جان لیوا حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ 
    
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ضلع اُترکنڑا کے مختلف علاقوں میں 815 سڑک حادثے پیش آئے جس میں جملہ 192 افراد کی جان چلی گئی۔ جبکہ 650 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے اور ان میں سے کچھ لوگ اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 
    
عام لوگوں کا خیال ہے کہ بہت زیادہ تیز رفتاری اور لاپروائی سے کی جانے والی ڈرائیونگ ایسے خطرناک حادثات کا اہم سبب ہوتی ہے ۔ البتہ ماہرین کی مانیں تو ادھرحالیہ برسوں میں ساحلی کرناٹکا میں موٹر گاڑیوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ اس کے مقابلے میں سڑکوں کی توسیع، حفاظتی انتظامات، محفوظ سفر اور ٹریفک کے لئے بنیادی سہولتوں کی کمی کی وجہ سے حادثات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ 
    
گزشتہ سال جنوری 2025 میں یلاپور- انکولہ ہائی وے پر گلاپور کے پاس ٹرک الٹ جانے سے 11 غریب مزدوروں کی جان چلی گئی تھی اور 19 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ حال ہی میں ہوناور کے اسکولی بچوں کی پکنک کے  موقع پر ایک بچے کی موت واقع ہوئی تھی۔ سرسی - کمٹہ روڈ پر گزشتہ دو سالوں سے سڑک کی مرمت کا جو کام چل رہا ہے وہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے۔ حال ہی میں یہاں بسوں کی آمد و رفت کے لئے اجازت دی گئی ہے، مگر نامکمل کام کی وجہ سے حادثوں کے خطرے یہاں بھی سر پر منڈلا رہے ہیں۔ یلاپور - انکولہ ہائی وے پوری طرح گڈھوں میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس سڑک کے خطرناک موڑ جان لیوا حادثوں کو دعوت دے رہیں۔
    
کہا جا سکتا ہے کہ پورے ضلع اترکنڑا میں ہائی ویز کا غیرسائنٹفک انداز میں کیا گیا تعمیری و توسیعی کام اور موڑ کے ساتھ اہم مقامات پر خطرے چوکنا کرنے والے بورڈ آویزاں نہ کرنے کی وجہ سے موٹر گاڑیاں ڈرائیوروں کے ہاتھ سے بے قابو ہونے اور اس کے نتیجے میں خطرناک سڑک حادثے پیش آنے کا سلسلہ برابر جاری ہے۔


Share: