ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یوپی اسمبلی کا مانسون اجلاس ہنگامے کی نذر، سماجوادی پارٹی کے احتجاج کے بعد ایک دن پہلے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

یوپی اسمبلی کا مانسون اجلاس ہنگامے کی نذر، سماجوادی پارٹی کے احتجاج کے بعد ایک دن پہلے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

Thu, 06 Aug 2026 12:52:08    S O News
یوپی اسمبلی کا مانسون اجلاس ہنگامے کی نذر، سماجوادی پارٹی کے احتجاج کے بعد ایک دن پہلے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

لکھنؤ، 6/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش اسمبلی کا مانسون اجلاس بدھ کوسماجوادی پارٹی کے مسلسل احتجاج اور ایوان میں ہنگامہ آرائی کے باعث اپنے مقررہ وقت سے ایک دن پہلے ہی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ ۴؍ روزہ اجلاس کے تیسرے  دن بھی ایوان کی کارروائی اپوزیشن کے شور شرابے کی نذر رہی، جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس کو قبل از وقت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس کے دوران سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے رام مندر میں چڑھاوا کی چوری   پر بحث کا مطالبہ کیا جبکہ  معطل رکن اسمبلی سچن یادو نے اسمبلی کے احاطے میں سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے مجسمے کے سامنے چندہ پیٹی ہاتھ میں لے کر دھرنا دیا۔ ان کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے متعدد اراکین اسمبلی، جن میں اتل پردھان، ڈاکٹر مکیش ورما، پنکج ملک، جے پرکاش انچل، آر کے ورما اور دیگر ممبران نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔احتجاجی اراکین نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ رام مندر چندہ چوری کے معاملے میں ملوث بااثر افراد کو تحفظ فراہم کر رہی ہے اور اسمبلی میں اس اہم عوامی مسئلے پر بحث سے گریز کیا جا رہا ہے۔

بعد ازاں سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما شیو پال سنگھ یادو اور قائد حزب اختلاف ماتا پرساد پانڈے بھی احتجاج میں شریک ہوئے اور معطل رکن اسمبلی سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ یاد رہے کہ اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا نے ایک روز قبل سچن یادو کو ایوان میں وزیر اعلیٰ یوگی کی تصویر والا پوسٹر لہرانے پر پورے اجلاس کے لئے معطل کر دیا تھا۔ اس کے باوجود انہوں نے اسمبلی کے باہر احتجاج جاری رکھا اور کہا کہ پارٹی کا واحد مطالبہ رام مندر چندہ معاملے پر رول ۳۱۱؍ کے تحت بحث کرانا اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ  نے اجلاس کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی پر اسمبلی کی کارروائی میں مسلسل رخنہ ڈالنے کا الزام لگایا۔ 


Share: