ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ’مجھے مہنگائی پسند ہے‘، ٹرمپ کے متنازع بیان پر عوام کا شدید ردِعمل

’مجھے مہنگائی پسند ہے‘، ٹرمپ کے متنازع بیان پر عوام کا شدید ردِعمل

Thu, 11 Jun 2026 17:20:55    S O News

واشنگٹن، 11/جون (ایس او نیوز /ایجنسی)مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کا منفی اثر دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ امریکہ پر بھی خوب پڑ رہا ہے۔ اس جنگ کا ہی نتیجہ ہے کہ امریکہ میں مہنگائی نے گزشتہ 3 سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مئی ماہ میں شرح مہنگائی 4.2 فیصد پر پہنچ گئی، جو اپریل 2023 میں 3.8 فیصد کی سطح پر تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ میں مہنگائی بڑھنے کی خبر پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عجیب و غریب بیان دے دیا ہے۔ انھوں نے شرح مہنگائی 4 فیصد سے آگے بڑھنے کا استقبال کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’مجھے مہنگائی پسند ہے۔‘‘ ساتھ ہی امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران جنگ ختم ہوتے ہی شرح مہنگائی نیچے آ جائے گی اور ضروری اشیا کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ سے جب شرح مہنگائی کے 3 سالوں کا ریکارڈ توڑنے سے متعلق سوال پوچھا گیا، تو انھوں نے بڑھی ہوئی مہنگائی کی تعریف کی اور ساتھ ہی کہا کہ ’’آپ جانتے ہیں مجھے واقعی میں کیا پسند ہے۔‘‘ ٹرمپ کے اس بیان کی اپوزیشن ڈیموکریٹس کے لیڈران نے سخت تنقید کی ہے۔ ڈیموکریٹک سینیٹ لیڈر چک شومر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کیا ٹرمپ نے واقعی کیمرے پر کہا ہے کہ انھیں مہنگائی پسند ہے۔ امریکہ کی عوام کے لیے ان کی تحقیر کی حد نہیں ہے۔‘‘ حکیم جیفریز نے امریکی صدر کے بیان پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں آخر کار ایسی چیز مل گئی جسے ٹرمپ اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا خود سے۔‘‘

امریکی صدر ٹرمپ کے بڑھی ہوئی مہنگائی سے متعلق بیان پر ان کے وزراء کو بھی سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اوہایو سے ڈیموکریٹ رکن پارلیمنٹ ایمیلیا سائکس نے وزیر توانائی کرس رائٹ سے اس بارے میں سوال کیا کہ کیا ان کو بھی مہنگائی پسند ہے؟ اس کے جواب میں امریکی وزیر توانائی نے کہا کہ ’’مجھے ایران کے جوہری اسلحہ بنانے کی صلاحیت ختم کرنا پسند ہے۔‘‘ حالانکہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کم مہنگائی کو ترجیح دوں گا۔ ٹرمپ کے تبصرہ معاملہ پر رائٹ نے اسے تفریحی تبصرہ بتایا اور کہا کہ صدر ٹرمپ نے مضبوط قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ 


Share: