دھارواڑ، یکم ستمبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے دھارواڑ ضلع میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں سامنے سے آنے والے ٹرک سے بچنے کی کوشش کے دوران ایک کار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور پلٹ گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ڈرائیور سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ دھارواڑ تعلقہ کے وینکٹاپور گاؤں کے قریب قومی شاہراہ نمبر 4 پر منگل کی علی الصبح تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق کار میں سوار افراد کیٹرنگ کے کام کے سلسلے میں دھارواڑ آئے تھے۔ کام ختم کرنے کے بعد وہ دھارواڑ کے مضافات میں واقع ایک ڈھابے پر کھانےکے بعد واپس شہر کی جانب آرہے تھے۔
اسی دوران سامنے سے اچانک ایک لاری آنے پر کار ڈرائیور بسون گوڈا نے ٹکر سے بچنے کے لیے اچانک بریک لگائی۔ اس کے نتیجے میں کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور تیز رفتاری سے سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔
حادثے میں داؤنگیرے کے رہنے والے وینایک کے. یو. (25)، منجوناتھ (29) اور بسوراج (34) نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ڈرائیور بسون گوڈا سمیت مزید تین افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر دھارواڑ ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
کار میں سوار افراد کے ساتھیوں کے مطابق انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں پہنچنے کے بعد انہیں اپنے ساتھیوں کی موت کا علم ہوا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی گَرگ پولیس موقع پر پہنچی اور معائنہ کرنے کے بعد معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔