ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منی پور تشدد: وزیر اعلیٰ کی معافی کے بعد کانگریس کا سوال، ’پی ایم مودی کب معافی مانگیں گے؟‘

منی پور تشدد: وزیر اعلیٰ کی معافی کے بعد کانگریس کا سوال، ’پی ایم مودی کب معافی مانگیں گے؟‘

Wed, 01 Jan 2025 11:16:15  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، یکم جنوری(ایس او نیوز/ایجنسی )منی پور کے وزیر اعلیٰ این. بیرین سنگھ نے ریاست میں کوکی اور میتیئی برداریوں کے درمیان کئی ماہ سے جاری تنازعہ پر منگل کے روز عوام سے معافی طلب کی۔ بیرین سنگھ کے اس قدم کے بعد کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ اپنی غلطیوں پر معافی مانگ سکتے ہیں تو وزیر اعظم مودی ایسا کیوں نہیں کر سکتے؟ وزیر اعظم ملک بھر میں دورے کر سکتے ہیں، لیکن منی پور جا کر عوام سے معافی مانگنے سے گریز کیوں؟

جے رام رمیش نے ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’وزیر اعظم وہاں (منی پور) جا کر یہی بات کیوں نہیں کہہ سکتے؟ انہوں نے جان بوجھ کر 4 مئی 2023 سے ریاست کا دورہ کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ وہ ملک اور بیرون ملک میں سفر کر رہے ہیں۔ کیا منی پور کے لوگ اس غفلت کو سمجھ نہیں سکتے۔‘‘ اس سے قبل بھی کانگریس لیڈر نے منی پور میں بار بار ہو رہے پُرتشدد واقعات پر پی ایم مودی اور مرکزی حکومت کو کئی بار ہدف تنقید بنایا ہے۔ آج جب وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے ریاست کے خراب حالات پر عوام سے معافی مانگی، تو ایک بار پھر جئے رام رمیش کو پی ایم مودی پر حملہ آور ہونے کا موقع مل گیا۔

واضح ہو کہ منی پور میں گزشتہ سال 3 مئی سے ہی میتئیی اور کوکی برادریوں کے درمیان جاری تنازعہ میں اب تک 200 لوگوں نے اپنی جانیں گنوا دی ہیں۔ اس تعلق سے آج وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کر عوام سے معافی مانگی۔ انھوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’’یہ پورا سال بے حد خراب رہا۔ میں ریاست کے لوگوں سے پچھلے سال 3 مئی سے لے کر آج تک جو کچھ بھی ہوا ہے اس کے لیے معافی مانگتا ہوں۔ کئی لوگوں نے اپنے اعزہ و اقارب کو کھو دیا ہے۔ مجھے اس کا دکھ ہے۔ گزشتہ 3-4 ماہ میں امن و امان کی صورتحال کو دیکھ کر مجھے امید ہے کہ 2025 میں ریاست میں حالات معمول پر آ جائیں گے۔‘‘


Share: