سورت، یکم جنوری(ایس او نیوز/ایجنسی )گجرات کے ضلع سورت کے ہزیرا صنعتی علاقے میں منگل کی شام ایک اسٹیل پلانٹ میں خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں چار مزدور ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ تقریباً شام 6 بجے آرسیلور متل نپون اسٹیل انڈیا (AM/NS) کے ہزیرا پلانٹ میں پیش آیا۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوریکس یونٹ کو بند کرنے کے بعد دوبارہ شروع کیا جا رہا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے دوران ایک پرائیویٹ کمپنی کے چار کنٹریکٹ مزدور جو قریبی لفٹ پر مرمت کا کام کر رہے تھے، شدید جھلسنے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
سورت کے پولیس کمشنر انوپم سنگھ گہلوت نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کوئلے کے اچانک گرنے کی وجہ سے آگ پھیل گئی، جس نے پلانٹ کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس کے نتیجے میں چار مزدور موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مزدور معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر پلانٹ کے احاطے میں موجود اسپتال منتقل کر دیا گیا اور اب اس کی حالت مستحکم ہے۔
کمپنی نے کہا کہ حادثے کے بعد تمام ایمرجنسی پروٹوکول فوراً نافذ کر دیے گئے ہیں اور متاثرہ علاقے کو بند کر دیا گیا ہے۔