ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل؛ ٹِپّر کی ٹکر سے اسکوٹرپر سوارتین لوگ زخمی؛ بچے کی حالت نازک

بھٹکل؛ ٹِپّر کی ٹکر سے اسکوٹرپر سوارتین لوگ زخمی؛ بچے کی حالت نازک

Tue, 24 Dec 2024 15:29:29  IG Bhatkali   S O News

بھٹکل 24 دسمبر (ایس او نیوز): بیندور نیشنل ہائی وے 66 پر اسکوٹر کے ٹِپّر لاری سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں اسکوٹر پر سوار ایک بچہ سمیت شوہر اور بیوی زخمی ہوگئے، جن میں بچے کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔حادثہ بھٹکل سے تقریباً 30 کلومیٹر دور بیندور پولیس تھانہ حدود کے آرے ہولے نیشنل ہائی وے پر منگل صبح قریب 7:30 بجے پیش آیا۔

معلوم ہوا ہے کہ بھٹکل جالی روڈ کے رہائشی محمد عیسیٰ شاہ بندری (35) اپنی بیوی شاہین اور نو سالہ بیٹے اسحاق کو اسکوٹر پر سوار کر کے اُڈپی ڈاکٹر کے پاس چیک اپ کے لیے جا رہے تھے۔ بیندور سے تقریباً دس کلومیٹر آگے اچانک سامنے سے گذرنے والی ٹِپّر لاری بغیر کسی اشارے یا انڈیکیٹر کے مُڑ گئی، جس کے نتیجے میں اسکوٹر بے قابو ہو کر ٹِپّر لاری سے ٹکرا گیا۔

پتہ چلا کہ جب لڑکے کو سڑک کے کنارے شدید زخمی حالت میں دیکھا گیا تو ناوندہ کا ایک لاری ڈرائیور شرتھ ، جو کار پر قریب سے گزر رہا تھا، لڑکے اور اس کی ماں کو فوری اپنی کار میں بٹھا کر کنداپور اسپتال کی طرف روانہ ہوگیا اور گنگولی کے سماجی کارکن اور ساحل آن لائن کے کنداپور نمائندے ابراہیم ایم ایچ کو حادثے کی اطلاع دی۔ ابراہیم اور اس کے ساتھیوں نے دونوں زخمیوں کو تراسی پہنچ کر اپنی ایمبولنس میں شفٹ کر کے کنداپور اسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب، راستے میں زخمی حالت میں پڑے عیسیٰ شاہ بندری کو شیرور کے ٹیکسی ڈرائیور لیجو جوائے، جو کاروار جارہا تھا، نے اپنا سفر ملتوی کر کے زخمی عیسیٰ کو اپنی کار میں کنداپور اسپتال پہنچایا۔

اس حادثے میں نو سالہ اسحاق کے سر کو شدید چوٹ آئی ہے اور اسے منی پال اسپتال منتقل کیا گیا ہے، اس کی حالت ابھی تک نازک ہے۔ جبکہ عیسیٰ کو کنداپور سے منگلور منتقل کیا گیا ہے، اس کے ہاتھ اور پاؤں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ عیسیٰ کی اہلیہ کے ہاتھوں کو بھی چوٹیں آئی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

عیسیٰ کے گھروالوں نےعوام الناس سے تینوں زخمیوں، بالخصوص بچے کی جلد صحت یابی کے لئے دعاوں کی  درخواست کی ہے۔


Share: