کاسرگوڑ، 29/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کیرالہ کے کاسرگوڑ کے قریب نلیشورم میں ایک مندر میں آتش بازی کے دوران سنگین حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ پیر کی رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب آتش بازی کا ذخیرہ اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔
حادثہ کے فوراً بعد زخمیوں کو کاسرگوڑ، کنور اور منگلورو کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی ایم اور ضلع پولیس سربراہ سمیت ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ویرکابو مندر کے پاس ایک اسٹور میں پٹاخے رکھے تھے، اس میں اچانک آگ لگ جانے سے یہ حادثہ ہوا۔ ضلع مجسٹریٹ اور ضلع پولیس سربراہ کی موجودگی میں راحت و بچاؤ کام دیر رات تک جاری رہا۔
پولیس نے بتایا کہ انجوتامبلم ویراکابو مندر میں سالانہ کلیاٹم اُتسو منایا جا رہا تھا۔ پروگرام کے لیے آتش بازی منگائی گئی تھی۔ اسے ایک اسٹوریج میں محفوظ رکھ دیا گیا تھا۔ اس درمیان تقریباً 12.30 بجے اچانک اسٹوریج میں بڑا دھماکہ ہوا۔ وہاں ایک کے بعد ایک سبھی پٹاخے جلنے لگے۔ عالم یہ ہوا کہ اسٹوریج میں شدید آگ لگ گئی۔ اس وقت وہاں کثیر تعداد میں بھیڑ بھی موجود تھی۔ بھیڑ میں ہی لوگ اس آگ کے واقعہ کا ویڈیو بنا رہے تھے۔
آگ اتنی شدید لگی تھی کہ لمحہ بھر میں ہی 150 لوگ اس کی زد میں آ گئے۔ فوری طور پر سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں 8 کی حالت ابھی سنگین بنی ہوئی ہے۔
واقعہ کے بعد فوراً فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بلائی گئیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تمام بڑے افسران حالات کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوع پر پہنچے اور انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن مدد دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔