ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ حکومتی معاملات پر اثر انداز ہو رہی ہیں؟کانگریس کا الزام

کیا سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ حکومتی معاملات پر اثر انداز ہو رہی ہیں؟کانگریس کا الزام

Tue, 29 Oct 2024 17:23:56  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 29/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کے سینئر رہنما پون کھیڑا نے ایک پریس کانفرنس میں سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کئی سوالات اٹھائے۔ کھیڑا نے انکشاف کیا کہ پچھلے دو دنوں سے راہل گاندھی کے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیوز میں مادھبی بُچ کے کردار پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر حکومت کو مادھبی بُچ کا تحفظ کرنے کی کیا مجبوری ہے اور وہ ان کے خلاف کارروائی سے کیوں گریزاں ہے؟

کانگریس پارٹی نے الزام لگایا کہ سیبی کے قواعد و ضوابط کے تحت مادھبی بُچ اور سیبی کے ایک اور افسر اننت نارائن نے اپنے عہدے کے ساتھ جڑے اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ پون کھیڑا کے مطابق، مادھبی بُچ کی ممبئی میں ایک جائیداد ہے جو انہوں نے گرین ورلڈ بلڈکون اینڈ انفرا نامی کمپنی کو کرایہ پر دی ہوئی ہے، جس کے مالکان مکُل بنسل اور وپُل بنسل ہیں۔ کھیڑا نے ان دونوں افراد کا انڈیا بُلز سے تعلق ظاہر کیا جو سیبی کے زیرنگرانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعلق سے سیبی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے سیکشن 4، 7 اور 8 کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

پون کھیڑا نے مزید کہا کہ مادھبی بُچ کا تعلق ایک اور معاملے سے بھی ہے، جس میں ان کا نام ان کمپنیوں میں آتا ہے جن کے انویسٹرز کے نام مشہور پیرڈائز پیپرز میں شامل ہیں۔ ان میں ایک کمپنی پریڈیبل ہیلتھ پرائیویٹ لمیٹڈ بھی ہے جسے حکومت کے اسٹارٹ اپ فنڈ سے مالی مدد ملی۔ اس کمپنی میں مادھبی بُچ کے حصے بھی ہیں۔ کانگریس کا سوال ہے کہ مادھبی بُچ نے ایسی کمپنی میں شیئر کیوں رکھے جن کے نام پیرڈائز پیپرز میں آئے ہیں۔

پون کھیڑا نے سیبی کے افسر اننت نارائن پر بھی سوال اٹھائے۔ اننت نارائن نے اپنی ممبئی کی جائیداد تھنگم ونود راج کمار کو کرایہ پر دی، جو اسٹاک بروکر ہیں اور سیبی کے زیر نگرانی ہیں۔ اس کے علاوہ اننت نارائن کے پاس انکریڈ کیپٹل کے 70 کروڑ کے شیئرز ہیں، جبکہ انکریڈ کیپٹل بھی سیبی کے زیر تفتیش ہے۔ کھیڑا نے ان تعلقات کو سیبی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان معاملات پر خاموش کیوں ہے۔

کانگریس نے چار اہم سوالات حکومت کے سامنے رکھے ہیں:

  •  مادھبی بُچ نے اپنی جائیداد ایسی کمپنی کو کیوں دی جو سیبی سے جڑی ہوئی ہے؟
  •  مادھبی بُچ نے ایسی کمپنی میں شیئر کیوں رکھے جن کا تعلق پیرڈائز پیپرز سے ہے؟
  •  اننت نارائن نے اپنی جائیداد ایک ایسے اسٹاک بروکر کو کیوں دی جو سیبی کے دائرے میں آتا ہے؟
  • اننت نارائن نے ایسی کمپنی میں شیئر کیوں رکھے جو سیبی کے دائرے میں آتی ہے؟

کانگریس کا دعویٰ ہے کہ یہ سب معاملات شفافیت اور سیبی کی ساکھ کے خلاف ہیں اور حکومت کو ان معاملات کی وضاحت کرنی چاہیے۔


Share: