ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور کے کوٹا میں نیشنل ہائی وے توسیعی کام کے خلاف احتجاج - علامتی ارتھی کے ساتھ نکالا گیا جلوس

کنداپور کے کوٹا میں نیشنل ہائی وے توسیعی کام کے خلاف احتجاج - علامتی ارتھی کے ساتھ نکالا گیا جلوس

Sat, 30 Nov 2024 12:12:41  SO Admin   S.O. News Service

کوٹا ،30 / نومبر (ایس او نیوز) کنداپور سے ہیجماڈی تک نیشنل ہائی وے 66 کا جو غیر اطمینان  بخش تعمیراتی کام ہوا ہے اس کے خلاف نیشنل ہائی وے اویرنیس کمیٹی کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
    
مظاہرے کا آغاز،  آرتھی کے جلوس میں بجانے والے ڈھول سے ہوا ۔ ایک ایمبولینس میں ٹھیکیدار کے کے آر کمپنی اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی افسران کی علامتی لاشیں لائی گئیں اور شاستروں کے مطابق ان کی آخری رسومات ادا کرتے ہوئے مظاہرین نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ اس دوران ٹھیکیدار کمپنی کے خلاف نعرے بازی  بھی کی گئی ۔ 
    
کمیٹی کے سابق صدر پرتاپ شیٹی نے انتباہ دیا کہ ایک مہینے کے اندر ہائی وے پر بنے ہوئے گڈھے بھرنے کے علاوہ دیگر مسائل حل ہونے چاہئیں ورنہ اگلا احتجاج اس سے بھی زیادہ بڑے پیمانے پر کیا جائے گا جس میں ٹول پلازہ میں فیس ادا کیے بغیر گاڑیاں چلانا بھی شامل رہے گا ۔
    
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے موجودہ صدر شیام سندر نائیری نے کہا کہ ٹول میں رعایت سمیت ہائی وے کے غیر اطمینان بخش کام کے خلاف کمیٹی احتجاج کرتی رہی ہے ۔ اس سے پہلے جو نَو یُگ کمپنی تھی وہ مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے رہی تھی ۔ مگر اب جو ہائی وے کی دیکھ ریکھ کا ٹھیکہ کے کے آر کمپنی کو ملا ہے وہ دیکھ ریکھ کے کام میں ناکام ہے ۔ سڑک پر پڑے ہوئے گڈھوں اور خستہ حالی کی وجہ سے عوام کا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے ۔ سروس روڈ، سڑک پر روشنی کا انتظام، برساتی پانی نکاسی کے نالے جیسے بے شمار مسائل ہیں ۔ مگر ٹھیکیدار کمپنی سے پوچھو تو وہ ہوائی قسم کے  جواب دیتی ہے ۔ اگر اسی طرح بے پروائی برتی گئی تو آنے والے دنوں میں سخت احتجاج کرتے ہوئے ٹول وصولی پر ہی روک لگائی جائے گی ۔
    
کمیٹی کے رکن دنیش گانیگا نے کہا کہ سڑک کی بد حالی کے تعلق سے ڈپٹی کمشنر کو سب کچھ معلوم ہے ، اس کے باوجود وہ ہاتھ باندھ کر بیٹھ گئے ہیں ۔ جن سرکاری افسران کو ضلع کے عوامی مسائل حل کرتے ہوئے انہیں انصاف دلانا چاہیے وہ غفلت اور بے پروائی سے کام لے رہے ہیں ۔ ایسے میں ان مسائل کو کون حل کرے گا؟ اگر یہی صورت حال باقی رہی تو آنے والے دنوں میں ٹول پلازہ زمین بوس کر دیا جائے گا ۔ 
    
کمیٹی کے صدر شیام سندر نائیری نے برہماور کے تحصیلدار شریکانت ایس ہیگڑے کو مطالبات پر مبنی میمورنڈم پیش کیا ۔ تحصیلدار نے ایک مہینے کے اندر زیادہ تر مسائل حل کرنے کی ہدایت تحریری طور پر ٹھیکیدار کمپنی کو دینے کا وعدہ کیا ۔ 


Share: