ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کلسا بنڈوری مسئلہ پر مرکز کی خاموشی افسوسناک: کھرگے

کلسا بنڈوری مسئلہ پر مرکز کی خاموشی افسوسناک: کھرگے

Sun, 17 Jul 2016 10:39:04  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو16؍جولائی(ایس او نیوز)کلسابنڈوری کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں جاری احتجاج کو آج ایک سال کا عرصہ پورا ہوچکا ہے، لیکن ریاست کے اراکین پارلیمان اور مرکزی حکومت میں عزم کے فقدان کے نتیجہ میں اس سنگین مسئلہ کو سلجھانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ یہ بات آج کانگریس پارلیمانی پارٹی کے لیڈرملیکارجن کھرگے نے کہی۔ منگلور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بارہا اس مسئلے پر وزیر اعظم مودی سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں کومتوجہ کروایا گیا، لیکن اسے سلجھانے میں مرکزی قائدین کی طرف سے کسی طرح کی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں ہوپایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پر مزید دباؤ ڈال کر ہی اس مسئلے کو سلجھایا جاسکے گا۔ مسٹر کھرگے نے کہاکہ اگلے پارلیمانی اجلاس میں کلسابنڈوری مسئلے کو کانگریس پارٹی پوری شدت کے ساتھ اٹھائے گی۔ اس موقع پر وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار اور کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ مسٹر کھرگے کے ہمراہ تھے۔ ڈی وائی ایس پی گنپتی کی خود کشی کے متعلق میڈیا میں جس طرح کی تشہیر کی جارہی ہے، اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ اس معاملے میں کسی طرح کا انتشار نہیں ہے۔ حکومت نے اس مسئلے پر اپنا موقف واضح کرکے ایوان میں پیش کردیا ہے۔ ڈی وائی ایس پی کی مبینہ خود کشی کی جانچ سی آئی ڈی کے سپرد کی جاچکی ہے، لیکن بی جے پی ڈی وائی ایس پی کی موت پر گندی سیاست پر اتر آئی ہے۔ ایسے حساس معاملات پر سیاست کرنے کی فطرت سے بی جے پی اب تک باز نہیں آئی ہے۔ دوسری طرف میڈیا بھی بی جے پی کے غلط موقف کی ترجمانی کرکے عوام کو گمراہ کرنے میں لگا ہوا ہے۔ اس معاملے کی جانچ میں تعاون کیا جائے اور حقائق کو عوام کے سامنے لانے کی کوشش کی جائے۔ 


Share: