ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کیلئے چندہ وصول کرنے والے جارج کو اعلیٰ کمان کی حمایت حاصل: کمار سوامی

کانگریس کیلئے چندہ وصول کرنے والے جارج کو اعلیٰ کمان کی حمایت حاصل: کمار سوامی

Sat, 16 Jul 2016 11:17:02  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو15؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی جنتادل (ایس) صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ کانگریس پارٹی کیلئے چندہ وصول کرنے والے کے جے جارج کو کانگریس اعلیٰ کمان ہرگز قربان کرنا نہیں چاہتی۔ ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ رات بھر دھرنا دینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے چندہ وصول کرکے کافی مدد کرنے والے جارج آج جب مشکل میں ہیں تو کانگریس اعلیٰ کمان ان کے دفاع کیلئے کھڑی ہوگئی ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ یہ بات اپوزیشن پارٹیوں نے نہیں ،بلکہ تین سال تک سدرامیا کی کابینہ میں رہ چکے سابق وزیر وی سرینواس پرساد نے کہی ہے۔اس سلسلے میں کانگریس اعلیٰ کمان سے نمائندگی کو بھی کمار سوامی نے فضول قرار دیا۔ کمار سوامی نے کہاکہ ریاست کی 99 فیصد عوام چاہتی ہے کہ جارج استعفیٰ دیں ، لیکن حکومت اس معاملے پر اپنے موقف پر اڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی وائی ایس پی گنپتی کے معاملے میں جب تک جارج استعفیٰ نہیں دیتے اس وقت تک ریاستی جنتادل (ایس) کی طرف سے احتجاج جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں بی جے پی کی طرف سے جو احتجاج جاری ہے جنتادل (ایس) اس میں بھی حصہ لے گی۔کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی عوام کی طرف سے جارج کو برطرف کرنے کی جو مانگ کی جارہی ہے حکومت کو اسے تسلیم کرلینا چاہئے۔ اگر جارج پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا تو سدرامیا چاہیں تو انہیں نائب وزیر اعلیٰ بنالیں کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔


Share: