ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر اعظم مودی نے رتن ٹاٹا سے گجرات میں طیارہ سازی یونٹ قائم کرنے کی درخواست کی تھی: شرد پوار کا انکشاف

وزیر اعظم مودی نے رتن ٹاٹا سے گجرات میں طیارہ سازی یونٹ قائم کرنے کی درخواست کی تھی: شرد پوار کا انکشاف

Tue, 29 Oct 2024 16:55:03  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 29/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سابق مرکزی وزیر شرد پوار نے ایک عوامی جلسے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دراصل ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز اور ایئربس کی فائنل اسمبلی لائن (ایف اے ایل) مہاراشٹر میں قائم کرنے کا منصوبہ تھا، مگر وزیر اعظم مودی کی مداخلت پر اسے گجرات منتقل کر دیا گیا۔ شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ اس تبدیلی سے مہاراشٹر کو ایک بڑا صنعتی موقع کھو دینا پڑا۔

یہ بیان شرد پوار نے بارامتی اسمبلی حلقہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’رتن ٹاٹا چاہتے تھے کہ یہ پروجیکٹ مہاراشٹر میں شروع ہو اور ان کے ساتھ بات چیت کے بعد ناگپور ایم آئی ڈی سی علاقہ میں 500 ایکڑ زمین کا ٹکڑا اس کے لیے نشان زد بھی کیا گیا۔ یہ پوری بات چیت منموہن سنگھ کی قیادت والی حکومت کے دوران ہوا، جس کا میں حصہ تھا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہماری حکومت بدل گئی اور جب مودی وزیر اعظم بنے تو انھوں نے ٹاٹا کو بلایا اور ان سے گجرات میں کارخانہ کھولنے کو کہا۔ اگر اس پروجیکٹ کو (ناگپور میں) شروع کیا جاتا تو مہاراشٹر میں ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوتیں۔‘‘

اپنی تقریر کے دوران شرد پوار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مودی نے فاکس کان کو گجرات میں سیمی کنڈکٹر کارخانہ کھولنے کو کہا تھا۔ یہ کارخانہ بھی مہاراشٹر میں کھلنا تھا جس سے ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوتیں۔ پوار کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم کسی ایک ریاست کے نہیں ہوتے، بلکہ انھیں پورے ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے۔‘‘


Share: