ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: کانگریس نے دوسری فہرست میں 23 نئے امیدواروں کا اعلان کردیا

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: کانگریس نے دوسری فہرست میں 23 نئے امیدواروں کا اعلان کردیا

Sat, 26 Oct 2024 17:14:16  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 26/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے تحت کانگریس نے اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے، جس میں مزید 23 نئے نام شامل کیے گئے ہیں۔ اس طرح، کانگریس اب تک کل 71 امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔ پہلے مرحلے میں 48 امیدواروں کا اعلان ہوا تھا، جبکہ دوسری فہرست میں گریش پانڈو کو ناگپور ساؤتھ سے، شیکھر شندے کو وردھا سے، اور انیل مانگلکر کو یوتمال سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

اس فہرست میں خاص طور پر ممبئی کی تین نشستوں پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ کانگریس نے ممبئی کی کاندولی ایسٹ سے کالو بڑھیلیہ، چارکوپ سے یشونت جے پرکاش سنگھ اور سائین کولی واڑا سے گنیش کمار یادو کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ ان ناموں کے اعلان کے بعد مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی تیاریاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کانگریس نے اپنی پہلی فہرست جاری کی تھی جس میں پارٹی کے سینئر لیڈران جیسے نانا پٹولے اور سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان شامل تھے۔ پرتھوی راج چوہان کو کراڈ ساؤتھ اور سابق وزیر توانائی نیتن راؤت کو دوبارہ ناگپور نارتھ سے ٹکٹ دیا گیا تھا۔

نئی فہرست میں بھجبل سے راجیش تکارام، جلگاؤں سے سواتی واکیکر، ساونیر سے انوجا سنیل کیدار، بھنڈارا سے پوجا ٹھاکر، راہلی گاؤں سے بسنت پورکے، کامٹھی سے سریش بھوار، ارجنی سے دلیپ بنسوڈ اور بسئی سے وجے پاٹل کو بھی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اس طرح کانگریس کی طرف سے جاری ہونے والی دونوں فہرستوں میں اہم نشستوں پر نئے اور تجربہ کار رہنماؤں کو موقع دیا گیا ہے۔

مہاراشٹر میں انتخابات کے دوران مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں اسمبلی کی 288 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔


Share: