نئی دہلی، 27/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے ماحول میں تمام پارٹیاں اپنے امیدواروں کا اعلان کر رہی ہیں اور حکمت عملی ترتیب دے رہی ہیں۔ ایسے میں عام آدمی پارٹی (عآپ) نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اس مرتبہ مہاراشٹر میں انتخابی میدان میں نہیں اترے گی۔ پارٹی کے مطابق، عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی مہم چلائیں گے تاکہ انہیں کامیاب بنانے میں مدد مل سکے۔
عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر انتخاب میں پارٹی کے قومی کنوینر کیجریوال ایم وی اے امیدواروں کے لیے تشہیر کریں گے۔ عآپ مہاراشٹر میں انتخاب نہیں لڑے گی۔‘‘ حالانکہ اس سے قبل خبر گرم تھی کہ عآپ مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ عآپ مالابار ہل سے امیدوار اتارنے پر غور کر رہی ہے، لیکن اب پارٹی نے باضابطہ اعلان کر دیا ہے کہ وہ مہاراشٹر میں امیدوار نہیں اتارے گی۔
اس درمیان عآپ کے سینئر لیڈر سوربھ بھاردواج کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ایم وی اے انھیں ایک سیٹ دینے کے لیے تیار تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ہمارے اتحاد کے ساتھی شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے دونوں کا بڑپن ہے کہ انھوں نے مہاراشٹر میں اتحاد کا خیال رکھتے ہوئے ہمیں ایک سیٹ دینے کی پیشکش کی تھی۔ لیکن عآپ وہ پارٹی نہیں ہے جو صرف انتخاب لڑنے کے لیے ہی انتخاب لڑتی ہے، یا پھر اپنی انا کے لیے سیٹیں مانگتی ہو۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہم جہاں اچھا کر سکتے ہیں، بی جے پی کو شکست دینے اہم کردار نبھا سکتے ہیں، وہاں پارٹی انتخاب لڑتی ہے۔‘‘ سوربھ بھاردواج یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ہمارا ماننا ہے کہ ہمارے اتحاد کے ساتھی مہاراشٹر کے اندر اچھا انتخاب لڑ سکتے ہیں۔ ان کے انتخاب لڑنے سے بی جے پی کو نقصان ہو سکتا ہے۔ اس لیے ہم نے کہا ہے کہ ہم ان کے لیے تشہیر کریں گے، لیکن ہم انتخاب نہیں لڑیں گے۔‘‘