ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: ایم وی اے میں سیٹوں کی تقسیم، تینوں بڑی جماعتیں 85-85 سیٹوں پر لڑیں گی انتخاب

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: ایم وی اے میں سیٹوں کی تقسیم، تینوں بڑی جماعتیں 85-85 سیٹوں پر لڑیں گی انتخاب

Thu, 24 Oct 2024 10:34:28  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس، این سی پی-ایس پی، اور شیوسینا یو بی ٹی کے درمیان مہاوکاس اگھاڑی اتحاد کے تحت سیٹوں کی تقسیم کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ تینوں جماعتوں کے اعلیٰ رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں میں سے 255 سیٹوں پر تینوں پارٹیاں برابر یعنی 85-85 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کریں گی۔ بقیہ 15 سیٹوں پر مزید بات چیت جاری ہے۔ باقی 18 سیٹیں ایم وی اے کی دیگر اتحادی جماعتوں کو دی جائیں گی، جن میں سماجوادی پارٹی، سی پی ایم اور ایس ڈبلیو پی شامل ہیں۔

سیٹوں کی تقسیم سے متعلق این سی پی-ایس پی کے سینئر لیڈر شرد پوار کی قیادت میں ہوئی میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر نانا پٹولے، شیوسینا لیڈر سنجے راؤت اور دیگر لیڈران نے مشترکہ پریس کانفرنس کر تفصیلی جانکاری دی۔ حالانکہ شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے درمیان 270 سیٹوں پر اتفاق رائے قائم ہو چکا ہے۔ اس طرح ان تینوں پارٹیوں کے درمیان مجموعی طور پر 270 سیٹیں تقسیم ہوں گی۔

مہاراشٹر کانگریس صدر نانا پٹولے کا کہنا ہے کہ سماجوادی پارٹی اور بایاں محاذ سے بات چیت ابھی باقی ہے۔ ان سے گفت و شنید کے بعد بچی ہوئی سیٹوں کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ بات چیت 24 اکتوبر کو ہوگی اور امید ہے کہ جمعرات کو ہی تصویر صاف ہو جائے گی۔ انھوں نے ایم وی اے کی سبھی پارٹیوں میں اتحاد کا عزم بھی ظاہر کیا اور کہا کہ ہماری حکومت آنے والی ہے، سبھی متحد ہو کر اس انتخاب میں لڑنے کو تیار ہیں۔

اس درمیان شیوسینا نے اپنے 65 امیدواروں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔ اس فہرست کے مطابق ادھو ٹھاکرے کے بیٹے اور سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے کو وسط ممبئی میں ورلی اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ یوتھ سینا لیڈر اور ٹھاکرے کے رشتہ دار ورون سردیسائی باندرہ (مشرق) سے انتخاب لڑیں گے۔ جاری فہرست پر نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ شیوسینا یو بی ٹی نے اپنے بیشتر اراکین اسمبلی کو پھر سے امیدوار بنایا ہے۔

بدھ کی شام جاری اس فہرست میں ٹھاے کی کوپری-پنچ پاکھڑی اسمبلی سیٹ پر شیوسینا یو بی ٹی نے کیدار دیگھے کو میدان میں اتارا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اسی سیٹ سے امیدوار ہیں۔ کیدار دیگھے شیوسینا کے آنجہانی لیڈر آنند دیگھے کے رشتہ دار ہیں اور آنند دیگھے کو ایکناتھ شندے اپنا سیاسی گرو مانتے ہیں۔


Share: