ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: اجیت پوار کی جانب سے نواب ملک کو ٹکٹ دینے پر بی جے پی کا ردعمل ناراضگی کا اظہار

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: اجیت پوار کی جانب سے نواب ملک کو ٹکٹ دینے پر بی جے پی کا ردعمل ناراضگی کا اظہار

Wed, 30 Oct 2024 11:10:10  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے قبل برسراقتدار مہایوتی میں دراڑیں نظر آنے لگی ہیں۔ اجیت پوار کی نیشنل کانفرنس پارٹی (این سی پی) نے منگل کے روز بی جے پی کے اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے سابق وزیر نواب ملک کو مان خرد شیواجی نگر اسمبلی حلقے سے امیدوار نامزد کر دیا۔ جیسے ہی یہ خبر سامنے آئی، بی جے پی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ وہ نواب ملک کی انتخابی مہم کی حمایت نہیں کرے گی، کیونکہ ان پر انڈر ورلڈ کے سرغنہ داؤد ابراہیم کے ساتھ مبینہ تعلقات کا الزام ہے۔

منگل کے روز مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی۔ انوشکتی نگر سے رکن اسمبلی نواب ملک سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے خلاف مان خرد شیواجی نگر انتخابی حلقہ سے قسمت آزمائیں گے۔ ان کی بیٹی این سی پی امیدوار ثنا ملک بھی اس بار انتخابی میدان میں ہیں۔ انھوں نے انوشکتی نگر سے انتخاب لڑنے کے لیے پیر کے روز اپنا پرچہ داخل کیا تھا۔

آج نواب ملک نے اپنی دو بیٹیوں ثنا ملک اور نیلوفر ملک کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس کے بعد انھوں نے کہا کہ ’’آج میں نے مان خرد شیواجی نگر حلقہ سے این سی پی امیدوار کے طور پر پرچہ داخل کیا۔ میں نے آزاد امیدوار کے طور پر بھی پرچہ داخل کیا تھا۔ لیکن پارٹی نے اے بی فارم بھیجا ہے، جسے جمع کیا گیا اور اب میں این سی پی کا آفیشیل امیدوار ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے پارٹی کا امیدوار بنانے کے لیے میں اجیت پوار، پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کا شکرگزار ہوں۔ انھیں مجھ پر بھروسہ ہے۔ ووٹرس بھی پورے دل سے میری حمایت کریں گے۔ میں مان خرد شیواجی نگر انتخابی حلقہ سے کامیابی حاصل کروں گا۔‘‘

این سی پی کے ذریعہ نواب ملک کو امیدوار بنایا جانا اس لیے حیرت انگیز ہے کیونکہ بی جے پی نے پہلے ہی اس پر اعتراض ظاہر کی اتھا۔ ممبئی یونٹ کے بی جے پی صدر آشیش شیلار نے ملک کی نامزدگی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ان کے لیے تشہیر نہیں کرے گی۔ شیلار کا کہنا ہے کہ ’’ہم انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے جڑے کسی شخص کو ٹکٹ دینا قبول نہیں کریں گے۔ ہم نواب ملک کی حمایت نہیں کریں گے اور ہمارا رخ الگ ہوگا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ نواب ملک فی الحال منی لانڈرنگ معاملے میں میڈیکل بیل پر ہیں۔ نواب ملک ایم وی اے حکومت میں وزیر تھے اور انھیں 2022 میں این آئی اے کے ذریعہ گرفتار کیا گیا تھا۔ جون 2023 میں اجیت پوار کے اپنے چچا کی قیادت والی این سی پی سے باہر چلے جانے کے بعد نواب ملک شرد پوار گروپ چھوڑ کر اجیت پوار کے خیمہ میں شامل ہو گئے تھے۔


Share: