ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مایاوتی کا دلت کے خلاف مظالم کے معاملے پر وزیر اعظم مودی کے بیان کا مطالبہ

مایاوتی کا دلت کے خلاف مظالم کے معاملے پر وزیر اعظم مودی کے بیان کا مطالبہ

Tue, 26 Jul 2016 12:58:12  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دلت کے خلاف زیادتی کے معاملے پر وزیراعظم نریندرمودی کی خاموشی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے آج الزام لگایا کہ مرکز میں بی جے پی کے اقتدارمیں آنے کے بعد سے اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہواہے۔انہوں نے اس معاملے پر وزیر اعظم کے بیان کا بھی مطالبہ کیا ۔گزشتہ دنوں ایک گؤ رکشا کمیٹی کے کارکنان کے ہاتھوں گجرات کے اونا شہر میں دلت نوجوانوں کی پٹائی کے واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے مایاوتی نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے کہاکہ گورکشا کے نام پر دلتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کرناٹک کے منگلور میں ڈی ایس پی ایم کے گنپتی کی خودکشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ دلتوں اور حاشیہ پر جا چکے لوگوں کے خلاف ظلم و ستم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت میں کام کرنے والے لوگ بھی خودکشی کر رہے ہیں۔بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ اسی طرح مہاراشٹر میں دو دلت نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور وہ ایک گاڑی سے آگے نکل گئے۔اورٹیک کرنے کا کام اکثر سڑکوں پر ہوتا ہے، لیکن دونوں نوجوانوں کو روکا گیا اور پھر انہیں بری طرح پیٹا گیا۔جب ان کی موٹر سائیکل پر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکرکی تصویر نظر آئی تو ان کو اورزیادہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت ہے۔مایاوتی نے الزام لگایاکہ اتر پردیش میں دلتوں کو بڑے پیمانے پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مرکز میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد سے اس طرح کے واقعات پورے ملک میں ہو رہے ہیں ۔مایاوتی دلتوں کے خلاف مظالم کے واقعات پر مرکز کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔ بی جے پی کے ایک سابق لیڈر کی جانب سے اپنے خلاف کئے گئے انتہائی اشتعال انگیز تبصرے کے بعد بی ایس پی سربراہ نے اپنے تیور مزید سخت کردئیے ہیں۔مایاوتی نے کہاکہ جب یہ پورے ملک میں مسلسل ہو رہا ہے، تو وزیر اعظم نریندر مودی کو خاموش نہیں رہنا چاہیے ، بلکہ انہیں بولنا چاہیے ، بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں اس طرح کے واقعات بڑے پیمانے پر ہو رہے ہیں ، لیکن وزیر اعظم نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ انہیں ان واقعات کی کوئی فکر ہی نہیں ہے۔ہم امید کر رہے تھے کہ وزیر اعظم گجرات کے واقعہ پر ضرور کچھ بولیں گے، لیکن انہوں نے کچھ نہیں بولا، انہوں نے اس واقعہ پر اب تک کوئی بیان نہیں دیا ہے۔


وزیراعلیٰ نتیش کمارنے لیا بہار میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ
پٹنہ، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج شمالی بہار کی ندیوں میں آئے سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیا۔چیف سکریٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں وزیر اعلی نے ندیوں کی موجودہ آبی سطح، سیلاب کے پانی کے پھیلاؤ اور پشتوں کی حفاظت کا تفصیلی جائزہ سیٹلائٹ سے حاصل کی گئی تصاویر اور ندیوں کے نقشے کی بنیاد پر لیا ۔انہوں نے تمام افسران کو سیلاب متاثرہ لوگوں تک ہر ممکن مدد ،نیز کشتیوں کے آپریشن ، کیمپ اور راحتی کیمپ، سیلاب راحت وغیرہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔وزیر اعلی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ اور محکمہ برائے آبی وسائل کے چیف سکریٹریوں ، سینئرانجینئروں کو سیمانچل اور کوسی علاقے کا فوری طورپر ہوائی سروے کرکے موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔وزیر اعلی کی ہدایت پر سبھی افسر آج سیمانچل اور کوسی علاقے کا ہوائی سروے کریں گے۔میٹنگ میں آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، محکمہ آبی وسائل کے چیف سکریٹری ارون کمار سنگھ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ویاس جی، وزیر اعلی کے سکریٹری اتیش چندرا سمیت محکمہ آبی وسائل کے سینئر انجینئر موجود تھے۔میٹنگ کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ویاس جی نے صحافیوں سے کہا کہ پڑوسی ملک نیپال میں ہوئی تیز بارش کی وجہ سے کشن گنج، ارریہ ، پورنیہ اور سپول اضلاع کے کچھ علاقوں میں سیلاب کا پانی پھیلا ہے ،جہاں کا آج ہم لوگ ہوائی سروے کریں گے۔تقریبا 2 لاکھ آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان مقامات پر راحتی کیمپ لگائے گئے ہیں نیز راحت اور بچاؤ کے کام میں ایس ڈی آرایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیم لگی ہوئی ہیں۔ویاس جی نے بتایا کہ کشن گنج، ارریہ اور پورنیہ میں بالترتیب25-40اور 20راحتی کیمپ کام کر رہے ہیں اور سپول ضلع ، جہاں کے کچھ علاقے سیلاب سے متاثر ہیں، میں ریلیف کیمپ چلائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی آرایف کی ٹیم واپس بلا لی گئی ہے ،لیکن وہاں پانی کی سطح بڑھنے کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی آرایف کی ٹیم بھیجی جا رہی ہے۔ویاس جی نے صورت حال کو قابو میں بتاتے ہوئے کہاکہ کشن گنج میں 50کشتی اور پورنیہ میں 25کشتی بھیجی جا رہی ہے۔


Share: