نیویارک23جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے شعبے کے سربراہ ژان پال لابوردے نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے حملوں میں نمایاں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 16 ممالک میں اس تنظیم نے براہ راست یا بالواسطہ طور پر 393 حملے کیے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ان حملوں میں مسلسل اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے کیوں کہ اسلامک اسٹیٹ رفتہ رفتہ ایک عسکری تنظیم سے ایک دہشت گرد تنظیم میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چھ جون تا پانچ جولائی کے درمیانی عرصے میں سب سے زیادہ دہشت گردانہ حملے شام اور عراق میں کیے گئے۔