بنگلورو15؍جولائی(ایس او نیوز)سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے ریاستی حکومت کو متنبہ کیا کہ لیجسلیچر اجلاس کو قبل از وقت سمیٹنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف بی جے پی سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خدشات کے مطابق اگر حکومت نے قبل از وقت لیجسلیچر کی کارروائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف احتجاج ریاست گیر پیمانے پر شروع کیا جائے گا۔ اپوزیشن پارٹیوں کو اس میں بی جے پی اپنے ساتھ شامل کرلے گی۔ دوسری طرف جنتادل (ایس) نے ریاستی حکومت کی طرف سے قبل از وقت لیجسلیچر کی کارروائیاں ختم کرنے کی کوششوں کے خلاف اپنے طورپر الگ احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی وزیر کے جے جارج کے استعفیٰ کے مطالبے اور گنپتی کی خود کشی کی سی بی آئی جانچ کرانے کی مانگوں کو لے کر بی جے پی نے جو تحریک شروع کی ہے ، جب تک حکومت ان مانگوں کو پورا نہیں کرتی تحریک میں کوئی نرمی برتی نہیں جائے گی۔ یڈیورپا نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے جارج اور ریاستی پولیس افسران کا بھرپور دفاع کیا ہے، اور اس معاملے کی سی آئی ڈی اور عدالتی جانچ کرانے کی پیش کش کی ہے۔ ان دونوں کی طرف سے جانچ کی صورت میں جارج آسانی سے بچ نکلیں گے۔ یڈیورپا نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان کی سرپرستی حاصل رہنے کی وجہ سے جارج کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔