خان یونس23جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)قطر کے تعاون سے جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی میں بنائے گئے ایک ہزار سے زاید رہائشی فلیٹ بے گھر خاندانوں کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں پبلک افیئرز وآباد کاری کے وزیر مفید الحساینہ نے بتایا کہ خلیجی ریاست قطر کی جانب سے جنوبی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے محروم شہریوں کی آباد کاری کی خاطر "حمد سٹی" کے نام سے ایک پروجیکٹ شروع کیا گیا تھا جس کے پہلے فیز میں 1060 مکانات تیار کیے گئے۔ ان مکانات کی تیاری، ان میں پانی، بجلی اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے بعد انہیں ایک ہزار ساٹھ خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔فلسطینی وزیر نے قطری حکومت کی طرف سے فلسطینی شہریوں کے لیے مکانات کی تیاری کے پروجیکٹ پر دوحہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حمد سٹی کے فیز 2 پربھی کام جاری ہے۔ مزید کئی سو مکانات کی تیاری اور ان میں بنیادی سہولیات شامل کرنے کے بعد انہیں بے گھر خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔غزہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیربرائے آباد کاری مفید الحساینہ نے کہا کہ قطر کے تعاون سے تیار کردہ رہائشی فلیٹ کم آمدنی والے شہریوں کو دیے گئے ہیں۔دوسرے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں 25 مقامات پر رہائشی پلازے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ان میں ترکی اور قطر کے تعاون سے تعمیراتی منصوبے بھی شامل ہیں۔ ان پلازوں کی تکمیل کے بعد مزید ہزاروں شہریوں کو مکان کی سہولت مہیا کی جائے گی۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں سنہ 2014ء کے دوران صہیونی فوج کی جانب سے جنگ مسلط کی تھی جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات ملبے کا ڈھیر بنا دیے گئے تھے۔