منیلا، 27/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) فلپائن میں سمندری طوفان ٹرامی کے نتیجے میں تباہی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث اب تک 100 سے زائد افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس طوفان نے ملک کے کئی علاقوں میں شدید نقصانات پہنچائے ہیں، اور متاثرہ افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 24 اکتوبر کو فلپائن سے ٹکرانے والے طوفان ٹرامی کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور طوفان کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اب 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔
خبر کے مطابق رہائشی علاقوں میں سیلاب اور شدید بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور گھروں میں پانی جمع ہونے سے شہری گھر کی چھتوں پر محصور ہو کر رہ گئے۔
فلپائنی حکام کا بتانا ہے کہ انہیں طوفان کے خطرے کے باعث 5 لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور کرنا پڑا جبکہ سیلابی صورتحال کے بعد اب تک 40 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے، زخمیوں اور لاپتہ افراد کے باعث اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔