ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے اقدامات: این ڈی ایم سی نے دہلی میں پارکنگ فیس دوگنا کر دیا

فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے اقدامات: این ڈی ایم سی نے دہلی میں پارکنگ فیس دوگنا کر دیا

Thu, 24 Oct 2024 18:07:06  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے، اور اس کے تدارک کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں پارکنگ فیس دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نجی گاڑیوں کے استعمال کو کم کر کے آلودگی کی سطح کو نیچے لانا ہے۔ کونسل نے یہ فیصلہ کمیشن برائے ایئر کوالیٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) کی ہدایت پر کیا ہے، جس کا مقصد دہلی کی فضائی معیار کو مزید خراب ہونے سے بچانا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق کونسل کے افسران نے بتایا کہ پارکنگ فیس بڑھانے کا فیصلہ فضائی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات میں سے ایک ہے۔ این ڈی ایم سی نے گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ، جی آر اے پی) کے دوسرے مرحلہ کے اختتام تک آف روڈ اور انڈور پارکنگ فیس میں دوگنا اضافہ کیا ہے۔ تاہم، یہ اضافہ سڑکوں پر موجود پارکنگ اور ماہانہ پاس پر نافذ نہیں ہوگی۔

نئے ضوابط کے مطابق چار پہیہ گاڑیوں کے لیے فی گھنٹہ پارکنگ فیس 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ انڈور کار پارکنگ کے لیے اب 20 روپے فی گھنٹہ وصول کیے جائیں گے۔ دو پہیہ گاڑیوں کے مالکان کو اب 10 روپے کے بجائے 20 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ بسوں کے لیے پارکنگ فیس 150 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔

این ڈی ایم سی کے زیر انتظام 152 پارکنگ سائٹس ہیں، جن میں 113 آف روڈ سائٹس، 3 انڈور سائٹس، 39 اسٹریٹ پارکنگ اور 2 ملٹی لیول پارکنگ سائٹس شامل ہیں۔ اس اقدام سے تقریباً 116 پارکنگ سائٹس پر پارکنگ فیس بڑھائی گئی ہے، جن میں آف روڈ اور انڈور مقامات شامل ہیں۔ فضائی آلودگی کے دیگر ذرائع پر قابو پانے کے لیے این ڈی ایم سی نے سی اے کیو ایم کی ہدایت کے مطابق ریزیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن (آر ڈبلیو اے) اور مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن (ایم ٹی اے) کو رہنما اصول اور تجاویز بھی جاری کی ہیں۔


Share: