بھٹکل 19/نومبر (ایس او نیوز) پڑوسی علاقہ شیرور میں تین دن سے لاپتہ سید شبیر (68) کی نعش آج شیرور کے مُدرمکّی علاقے کے ایک کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔ نعش کو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ان کی موت تین دن پہلے واقع ہوئی ہوگی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بی پی کم ہونے کی وجہ سے وہ نیچے گر گئے ہوں گے۔ اس سلسلے میں مکمل تحقیقات کے لیے نعش کو منی پال کے ایم سی اسپتال کی فورنسک لیباریٹری لے جایا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد میت کو واپس شیرور لایا جائے گا۔
جناب سید شبیر صاحب 16 نومبر کو صبح نو بجے مسلم محلہ میں واقع اپنے گھر سے مارکٹ جانے کے لیے نکلے تھے، لیکن اس کے بعد وہ واپس گھر نہیں لوٹے۔ ان کی گمشدگی کی رپورٹ بیندور پولیس تھانہ میں درج کرائی گئی تھی۔ اطلاع کے مطابق، آج منگل صبح تقریباً دس بجے ایک الیکٹرک لائن مین جب متعلقہ کھیت سے گزر رہا تھا تو اُس کی نظر نعش پر پڑی، جس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور سید شبیر کے اہل خانہ نے نعش کی شناخت کر لی۔ جس جگہ پر نعش ملی، وہ ان کے گھر سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
یہ سمجھا جا رہا ہے کہ سید شبیر صاحب مارکٹ جانے کے بعد اندرونی راستے سے گھر واپس لوٹ رہے ہوں گے، جس دوران وہ راستے میں آنے والے کھیت میں گر گئے، اور وہیں پر ان کی وفات ہو گئی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
بیندور پولیس تھانہ میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے، اور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔