ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی ہندوستان میں سردی کی شدت، دہلی میں گھنے کہرے کا امکان، جنوبی ریاستوں میں بارش کا امکان

شمالی ہندوستان میں سردی کی شدت، دہلی میں گھنے کہرے کا امکان، جنوبی ریاستوں میں بارش کا امکان

Tue, 26 Nov 2024 11:20:39  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 26/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)شمالی ہندوستان میں موسم سرما نے اپنی موجودگی کا احساس دلانا شروع کر دیا ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں ٹھنڈک میں واضح اضافہ ہو رہا ہے، اور درجہ حرارت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ موسم میں یہ تیزی سے بدلاؤ جلد ہی شدید سردی کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں پیر کے روز کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کے معمول کے درجہ حرارت سے 2 ڈگری زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے دہلی میں 28 اور 29 نومبر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان دنوں گھنے کہرے کی وجہ سے حد نگاہ کافی کم ہو سکتی ہے۔ لوگوں کو گاڑی چلانے کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یوپی کی بات کی جائے تو یہاں اگلے دو دنوں میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ یہاں صبح اور شام میں کہرے کی چادر بچھی رہنے کا امکان ہے، ساتھ ہی درجہ حرارت میں بھی کمی درج کی جا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ افغانسان کی طرف سے آرہے ایک 'ویسٹرن ڈسٹربینس' کی وجہ سے ریاست میں ہوا کا رخ بدل جائے گا۔ اس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور کہرا چھایا رہے گا۔

دوسری طرف بہار میں بھی ٹھنڈ رفتہ رفتہ بڑھ رہی ہے۔ حالانکہ ابھی شدید سردی نہیں پڑ رہی ہے لیکن صبح اور شام میں ہلکی ٹھنڈ رہتی ہے۔ دن میں دھوپ نکلنے سے ٹھنڈ کا احساس نہیں ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔

وہیں ہماچل پردیش کی بات کریں تو یہاں کے الگ الگ علاقوں میں 26 سے 30 نومبر کے دوران صبح کے وقت شدید کہرا رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب-ہریانہ میں بھی 27، 28 اور 29 نومبر کو لوگوں کو کہرے کا احساس ہو سکتا ہے جبکہ تمل ناڈو، آندھرا پردیش، پڈوچیری، کیرالہ میں 28 نومبر کو تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔


Share: