سرسی، 27 / نومبر (ایس او نیوز) سرسی ہاویری ہائی وے پر داسنکوپا سرکل کے پاس کسان تنظیموں کی طرف سے اپنے مطالبات منوانے کے لئے راستہ روکو احتجاج کیا گیا ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے راگھویندرا نائک نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کسانوں کے قرضے مکمل طور پر معاف کر دئے جائیں ۔ قدرتی آفت کی وجہ سے برباد ہونے والی فصلوں کے لئے انشورنس کی پوری رقم کسانوں کو ادا کی جائے ۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے کسانوں کو ملنے والا معاوضہ فوری طور ان کے کھاتوں میں جمع کروایا جائے ۔ سرسی ہاویری روڈ کو فوراً کھولتے ہوئے عوام اور کسانوں کی آمد و رفت کے لئے سہولت فراہم کی جائے۔دھان فراہم کرنے والے مراکز کھولے جائیں ۔
اس کے علاوہ انہوں نے بدنگوڈو اسپتال میں مستقل سرکاری ڈاکٹر کا تقرر کرنے ، حسب سابق کسانوں کے زرعی پمپس کے لئے مفت بجلی فراہم کرنے اور میٹر نہ لگوانے، آئندہ تعلیمی سال میں پی یو کالج قائم کرنے جیسے مطالبات سامنے رکھے ۔
سرسی اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی، تحصیلدار شریدھر موندلمنی، تعلقہ پنچایت سی ای او ستیش ہیگڑے اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے تو ان کے توسط سے مظاہرین نے ضلع ڈپٹی کمشنر کے نام اپنی مانگوں پر مشتمل میمورنڈم سونپا ۔