بنگلورو15؍جولائی(ایس او نیوز) ڈی وائی ایس پی گنپتی کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں ریاستی حکومت نے جو رویہ اپنایا ہے اسے ناانصافی سے تعبیرکرتے ہوئے ریاستی بی جے پی نے اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور ریاستی گورنر واجو بھائی والا کو حکومت کے خلاف چارج شیٹ دینے کی تیاری شروع کردی ہے۔ ریاستی وزارت سے وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ودھان سودھا کے روبرو بی جے پی اراکین اسمبلی کے ساتھ احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا ، اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر اور ایشورپا نے اس سلسلے میں حکمت عملی وضع کی۔ پچھلے دو دنوں سے جارج کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن پارٹیوں کے دن رات کے احتجاج کے باوجود بھی ریاستی حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی،اور جارج کا مسلسل دفاع کررہی ہے ۔ کسی بھی حال میں اس معاملے کو دبانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، جبکہ بی جے پی نے اس معاملے کو اچھالتے ہوئے ہر حال میں جارج کا استعفیٰ دینے کی ضد پکڑ لی ہے۔ ریاستی حکومت نے اگر اپنا یہ رویہ برقرار رکھا تو اس کے خلاف مرکزی حکومت سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیر کے دن اسمبلی اجلاس کے بعد راج بھون تک بی جے پی کے تمام اراکین اسمبلی پیدل جائیں گے اور گورنر سے شکایت کریں گے ۔ آج ودھان سودھا کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی ایس یڈیورپا نے حکومت کی ضد پر نکتہ چینی کی اور کہاکہ اس کے خلاف جلد ہی گورنر سے شکایت کی جائے گی، اس معاملے میں حکومت کی طرف سے جو ناانصافی ہورہی ہے اس کے خلاف وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی جائے گی۔ متوفی ڈی وائی ایس پی گنپتی کی بیوہ اور بچے اگر آنا چاہیں تو بی جے پی ان لوگوں کو بھی وزیراعظم سے ملوائے گی۔ پچھلی دو راتوں سے ایوانوں میں جاری دھرنوں کو آج موقوف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ چونکہ کل اور پرسوں ایوان کی کارروائی نہیں چلے گی اسی لئے بی جے پی نے آج اپنا دھرنا ختم کرنے اور دوبارہ پیر کو اپنا احتجاج بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کل کورگ اور چکمگلور میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، جس میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر ، ڈپٹی لیڈر آر اشوک ودیگر حصہ لیں گے۔ چکمگلور کے احتجاج میں یڈیورپا کی شرکت ہوگی۔