ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی کا سوال: حکومت مادھبی بُچ کے خلاف کارروائی سے کیوں خوفزدہ ہے؟ نئی ویڈیو میں سیبی چیف پر تنقید

راہل گاندھی کا سوال: حکومت مادھبی بُچ کے خلاف کارروائی سے کیوں خوفزدہ ہے؟ نئی ویڈیو میں سیبی چیف پر تنقید

Tue, 29 Oct 2024 11:18:01  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 29/اکتوبر (ایس او  نیوز /ایجنسی)لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے سیبی کی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ اور مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ اس ویڈیو میں وہ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا کے ساتھ مادھبی پوری بُچ کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کر رہے تھے۔ اب انہوں نے ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ دوبارہ اسی موضوع پر پون کھیڑا کے ساتھ بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کا عنوان راہل گاندھی نے ’اڈانی بچاؤ سنڈیکیٹ، قسط-2‘ رکھا ہے۔

راہل گاندھی نے یہ ویڈیو ’یوٹیوب‘ پر شیئر کی ہے اور اس کا لنک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی ڈالا ہے۔ ایکس پر وہ اس ویڈیو کے ساتھ کچھ سنگین سوالات قائم کرتے ہیں۔ راہل گاندھی پوچھتے ہیں کہ ’’سیبی چیف مادھبی بُچ آئی سی آئی سی آئی سے کس بات کے پیسے لے رہی تھیں؟ چیئرپرسن رہتے ہوئے غیر فہرست بند کمپنیوں میں شیئر کیسے رکھ سکتی تھیں؟ اس کمپنی کو اسٹارٹ اَپ انڈیا کے کروڑوں روپے کیوں ملے؟‘‘ ساتھ ہی وہ حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ ’’حکومت کس خوف سے اس پر کارروائی نہیں کر رہی؟ صاف ہے بُچ اڈانی کے پیسے، ان کی ویلویشن اور ریپوٹیشن کی حفاظت کر رہی ہے ہے، لیکن بُچ کو کون اور کیوں بچا رہا ہے؟‘‘

اپنے ’ایکس‘ پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’ایجنسیوں نے جانچ نہیں کی، میڈیا نے سوال نہیں کیا، حکومت نے کارروائی نہیں کی... ہم نے جانچ بھی کی ہے، سوال بھی کر رہے ہیں اور وقت آنے پر کارروائی بھی ہوگی۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنے آفیشیل یوٹیوب چینل پر جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’حکومت بالادستی کو فروغ دے رہی ہے۔ ساتھ ہی ملک کی ملکیت کچھ لوگوں کے ہاتھ میں سونپ رہی ہے۔ بھائی بھتیجہ واد کے ذریعہ اداروں کو خطرناک طور سے زوال کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ اس کی ایک مثال ’اڈانی بچاؤ‘ ہے۔‘‘

پون کھیڑا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی ویڈیو میں کہتے ہیں کہ مادھبی بُچ گھوٹالہ جتنا بڑا نظر آ رہا ہے، اس سے کہیں زیادہ گہرا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ خوردہ سرمایہ کاروں کی سیکورٹی کا ذمہ سنبھال رہیں بُچ حقیقت میں اڈانی کے مفادات اور ان کی بڑھی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے سسٹم میں کچھ ہیر پھیر کر رہی ہیں۔ راہل گاندھی یہیں پر خاموش نہیں ہوئے، انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ جن لوگوں کو ہندوستانیوں اور ان کے سرمایہ کی حفاظت کا ذمہ سونپا گیا ہے، انھوں نے اپنی ذمہ داری سے منھ موڑ لیا ہے۔ وہ لوگ بدعنوانی میں شامل ہیں۔ کناگریس لگاتار ان ایشوز کو اٹھا رہی ہے، گھوٹالوں کی جانچ کر رہی ہے اور عوام کے سامنے سچائی کو ظاہر کر رہی ہے۔


Share: